لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور کے حلقہ پی پی 149میں خواتین کونسلرز اور سابق بلدیاتی نمائندوں کی بڑی تعداد نے عبدالعلیم خان کا ساتھ دینے اور اْن کی انتخابی مہم میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔ حاجی تسنیم شفیع، نور جہاں، اکرام کمبوہ اور ابوالحسن جھیڈو نے اپنے تمام ساتھیوں سمیت پی پی149کے مرکزی دفتر میں تقریب میں اعلان کیا کہ وہ آئندہ استحکام پاکستان پارٹی کا ہراول دستہ ہوں گے اور اپنے قائد عبدالعلیم خان کی کامیابی کیلئے اپنی تمام توانائیاں اور کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔ عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم کے انچارج اور سابق ایم پی اے شعیب صدیقی نے آئی پی پی میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عبدالعلیم خان کی قومی سیاست میں 20 برسوں کی محنت اور عوامی خدمت کا ہر شہری معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں واٹر فلٹریشن پلانٹس، فری ڈسپنسریاں، ماہانہ مالی امداد اور دیگر مختلف فلاحی منصوبے کامیابی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر مستقبل کیلئے عقاب کا نشان ترقی اور خوشحالی کی پہچان ثابت ہوگا اور 8 فروری کو پی پی149کے ووٹرز اپنے علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے بہتر فیصلہ کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
خواتین کونسلرز‘ سابق بلدیاتی نمائندوں کا پی پی149میں عبدالعلیم کی حمایت کا اعلان
Jan 15, 2024