راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)حضور نبی کریم ؐ کے ارفع و اعلی میلاد پاک کے سلسلہ میں ایک عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی ؐ کا انعقاد گورنمنٹ ہائی سکول ڈنہ آزاد کشمیر کے مقام پر کیا گیا جس کی صدارت دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربِ رحمن نے حضور نبی کریم ؐ کی اس کائنات میں تشریف آوری کو مومنین کے اوپر احسان جتایا اور فرمایا کہ میری نعمتِ عظمی کا خوب چرچا کرو۔ آج حالات اس قدر خراب ہونے کے باوجود اگر عذابِ الہی نہیں آتا تو اس کی واحد وجہ حضور نبی رحمت ؐ کا شانوں کے ساتھ ہمارے درمیان رونق افروز ہونا ہے۔ وطنِ عزیز پاکستان عطیہ خداوندی و عطائے مصطفوی ؐہے جس کی اساس ہی عشقِ رسول ِ مقبول ؐ ہے اور اس کی حفاظت ہمارادینی فرض ہے۔ ہماری بہادر افواج نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے جو عظیم قربانیاں دی ہیں اس پر پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔پاکستان کے اندر یا باہر بیٹھے دہشتگرد عناصر جتنا مرضی زور لگا لیں انشا اللہ الرحمن وہ پاکستان کا بال بیکا نہیں کر سکتے۔ عشقِ رسول مقبول ؐ ہی وہ قوت ہے جس سے وطنِ عزیز کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن جائیگا۔ اتباعِ رسولِ مقبول ؐ میں وہ تاثیر ہے کہ اس سے انقلاب بر پا ہوتے ہیں، احترامِ انسانیت کا جذبہ بڑھتا ہے اور مخلوقِ خدا کی بھلائی کا ذوق پیدا ہوتا ہے۔ خانقاہی نظام عشقِ حبیبِ خدا ؐ کے فروغ کا اہم ترین ذریعہ ہے۔