سوشل میڈیا پر ان دنوں دل کو چھو لینے والی ایک تصویر زیر گردش ہے جس میں ایک ٹیچر کی محنت اور اپنے پیشے کی طرف ایمانداری صاف دکھائی دے رہی ہے۔
سندرا وینیگس نامی خاتون نے اسپتال کے بستر پر کام کرتے اپنے والد کی یہ تصویر لی اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا تاکہ لوگوں کو پتا چل سکے کہ ایک استاد کیا کیا قربانیاں دیتا ہے اور اپنے پیشے کی طرف کتنا مخلص ہوتا ہے۔
صحت کے سنگین مسائل کے باوجود مذکورہ ٹیچر نے اپنا لیپ ٹاپ اور چارجر پیک کرنے کے لیے وقت نکالا، یہ جانتے ہوئے کہ وہ ایمرجنسی روم میں جا رہے ہیں، انہوں نے بسترِ مرگ پر اپنے تمام شاگردوں کو اسائنمنٹ کے نمبر دیے۔اگلے دن جب ٹیچر کا انتقال ہوا تو ان کی بیٹی نے یہ تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جس کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ٹیچرز اپنی نوکری کے اوقات کار کے علاوہ بھی بچوں کے لیے اپنی نجی زندگی میں وقت نکالتے ہیں لیکن انہیں کوئی نہیں سراہتا۔سندرا نے لکھا 'اساتذہ اتنے اضافی گھنٹے لگاتے ہیں، اس وقت کا بہت سے لوگوں کو احساس نہیں ہوتا، یہاں تک کہ کووڈ کے دوران، اپنی خراب صحت میں بھی وہ پڑھانا نہیں چھوڑتے'۔سندرا وینیگس کی یہ پوسٹ وائرل ہوچکی ہے جس پر صارفین بڑی تعداد میں ٹیچر کی خدمات کو سراہ رہے ہیں، ساتھ ہی کچھ لوگوں نے سندرا سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت بھی کی۔