وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت نےعوام کی مدد سے  دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے  کا تہیہ کررکھا ہے جس کےلئے اداروں کا مستحکم ہونا انتہائی ضروری ہے

Jul 15, 2010 | 22:09

سفیر یاؤ جنگ
وہ نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں انیس اے ایس پیز اور تین ڈی ایس پیز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے معائنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں امن وامان اور تحفظ حکومت کے لئے چیلنج ہے ، بڑھتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اداروں میں استحکام بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کے تعاون سے دہشت گردوں کے بہت سے مراکز تباہ کر دئیے ہیں اس کام کو مزید آگے بڑھانے کے لئے ضروری ہے کہ عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گرد  معاشرے کو دہشت زدہ کرنا چاہتے ہیں، دہشتگردی کی جنگ کی وجہ سے ہمارا بہت زیادہ جانی ومالی  نقصان ہورہا ہے مگر پھر بھی ہم نے اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے ۔ اس تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ، سیکریٹری داخلہ قمرزمان ۔ آئی جی پولیس سمیت دیگر حاضر سروس اور دیگر افراد موجود تھے۔ وزیراعظم نے اول پوزیشن حاصل کرنے والے مستنصر فیروز کو پانچ لاکھ روپے کا انعام بھی دیا  ۔
مزیدخبریں