اورکزئی ایجنسی میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے پندرہ شدت پسند ہلاک اورچھ زخمی ہوگئے ،مہمند ایجنسی میں بیس سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اورکزئی ایجنسی کے بالائی علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی پیش قدمی جاری ہے ، جیٹ طیاروں نے غنڈاکی ، مشتی کنڈی، چھپری ،علی خیل اور مامازئی میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں پندرہ  ہلاک اورچھ زخمی ہوگئے ۔ اس کارروائی میں شدت پسندوں کے تین ٹھکانے بھی تباہ ہوئے ۔ ادھر مہمند  ایجنسی کی تحصیل پڈانگ غار کے علاقے لویہ شاہ میں آج صبح ایف سی ، خاصہ دارفورس اورپولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا ۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے تحصیل امبارسے تعلق رکھنے والے بیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے  ۔ ادھر  تحصیل بائیزئی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کڈا خیل میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا ہے جس میں امن کمیٹی کا ایک رضا کارزخمی ہوا ہے ۔ دوسری جانب چارسدہ کے علاقے شبقدرمیں سروکلی کے مقام پرپولیس وین کے قریب دھماکہ ہوا جس سے دو اہلکار زخمی ہوگئے ۔ ادھرہنگو کی تحصیل ٹھل میں بھی ایک اہم شدت پسند کو گرفتارکرلیا گیا جس کے قبضے بارود بھی برآمد ہوا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن