ذوالفقار مرزا‘ رحمن ملک کی معذرت: ”الطاف سے معافی مانگیں“ مہاجر رابطہ کونسل

Jul 15, 2011

سفیر یاؤ جنگ
کراچی + اسلام آباد (ریڈیو نیوز + وقت نیوز + مانیٹرنگ ڈیسک+ آئی این پی) پیپلز پارٹی کے رہنما ذوالفقار مرزا نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی ہے اور ایک وڈیو بیان مےں کہا ہے کہ میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت چاہتا ہوں میرے بیان مےں پارٹی کا عمل دخل نہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ ذوالفقار مرزا کے بیان سے پارٹی قیادت کو شدید دھچکا لگا ہے اور مےں ذاتی طور پر اس بیان پر معافی مانگتا ہوں جبکہ مہاجر رابطہ کونسل نے وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے معافی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذوالفقار مرزا ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے براہ راست معافی مانگیں۔ علاوہ ازیں وڈیو بیان مےں ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ اردو بولنے والے ہمارے بھائی تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔ بدھ کے روز کا بیان ذاتی رائے تھی اور مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے یہ بیان صدر آصف زرداری کے کہنے پر ریکارڈ کرایا ہے جبکہ اسلام آباد میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ اردو بولنے والے صرف ایم کیو ایم ہی میں نہیں بلکہ ہماری پارٹی اور دوسری پارٹیوں میں بھی ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی جانب سے غیر پارلیمانی زبان استعمال کی گئی اور ایسا ہی بیان دو روز قبل نائن زیرو سے بھی دیا گیا تھا۔ رحمن ملک نے کہا کہ پارٹی میں ہر سطح پر اس بیان سے لاتعلقی ظاہر کی گئی ہے۔ الطاف حسین اپنی قوم کے حقیقی لیڈر ہےں ان سے درخواست ہے کہ درگزر کریں۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم والے صبر کریں۔ جذبات میں بہت کچھ کہا جا تا ہے لیکن الزام تراشی نہیں ہونی چاہئے۔ الطاف بھائی کی پارٹی کو قومی سطح پر آنا چاہئے۔ الطاف نے کارکنوں سے احتجاج ختم کرنے اور پرامن رہنے کی اپیل کر کے بڑے پن کا مظاہرہ کیا ہے۔ اپنی قیادت کے کہنے پر اردو بولنے والوں سے معافی مانگی ہے۔ علاوہ ازیں مہاجر رابطہ کونسل کے اعلامیہ میں وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے معافی کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ رحمن ملک کی معافی قبول نہیں ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ذوالفقار مرزا کو ان کے عہدے سے نہ ہٹایا تو حالا ت کے ذمہ دار صدر زرداری ہوں گے۔ ذوالفقار مرزا اور شاہی سید 48 گھنٹوں کے اندر اندر کراچی شہر چھوڑ دیں ورنہ ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ذوالفقار مرزا نے غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر بانیان پاکستان کی توہین کی ہے جب تک وہ الطاف حسین سے براہ راست معافی نہیں مانگیں گے ہم پیپلز پارٹی کے کسی دوسرے رہنما کی معافی اور معذرت کو تسلیم نہیں کرتے۔
مزیدخبریں