لاس ویگاس میں ہونے والے چیلنج مقابلے میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان پہلے دو راؤنڈ میں اپنے حریف پر چھائے رہے اور پے درپے وار کرکے دونوں راؤنڈ اپنے نام کئے، تاہم تیسرے راؤنڈ میں ناقابل شکست امریکی باکسر ڈینی گارشیا نے کم بیک کیا اور عامر خان پرحملے شروع کردئے، تیسرے راؤنڈ میں اختتام سے بیس سیکنڈ پہلے عامر خان ڈینی کے لیفٹ ہُک پر زمین پر گرگئے، تاہم وہ سنبھل کر اٹھ گئے۔ چوتھے راؤنڈ کی ابتداء میں ہی عامر خان کا انداز دفاعی ہوگیا، اور راؤنڈ ختم ہونے سےچالیس سیکنڈ قبل ایک مرتبہ پھر عامر خان گرگئے، اس کے بعد ریفری نے ڈینی گارشیا کی جیت کا اعلان کردیا جس کے بعد ڈینی گارشیا ڈبلیو بی اے اور ڈبلیو بی سی کے چیمپئن بن گئے ہیں، اور اب تک انہیں کسی بھی مقابلے میں شکست نہیں ہوسکی، یہ ان کے کیرئر کی چوبیس ویں فتح تھی۔فاتح کھلاڑی کا کہنا تھا کہ عامر خان عظیم باکسر ہیں لیکن وہ کسی بھی کھلاڑی کو کہیں بھی ہراسکتے ہیں۔ دوسری جانب اپنی شکست کے بعد عامر خان کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان سے کچھ غلطیاں ہوئیں جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا، تاہم وہ فائٹ جاری رکھنا چاہتتے تھے لیکن ریفری کے فیصلے پر حیرت ہوئی۔