یتیم بچوں کی کفات .... جنت کے حصول کا ذریعہ

صابر بخاری
bukhariaims@gmail.com
انسانیت کی خدمت کا جذبہ لئے الخدمت فاﺅنڈیشن عملی طور پر برسرپیکار ہے۔ ملک میں زلزلہ، سیلاب، ناگہانی صورتحال، صحت، تعلیم، روزگار، خواتین کی فلاح و بہبود سمیت کئی محاذ پر الخدمت فاﺅنڈیشن کے رضاکار مخیر حضرات کی مدد سے شب و روز ایک کئے ہوئے ہیں۔ الخدمت فاﺅنڈیشن اسی جذبہ انسانیت کے تحت یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور بہتر پرورش کے لئے کمربستہ ہے اور اس میں مزید وسعت لا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں لاہور کے مقامی ہوٹل میں الخدمت فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام ”روشن پاکستان ڈونر کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا ۔ کانفرنس میں میاں بابر حمید صدر الخدمت فاﺅنڈیشن لاہور ,ارشد چودھری سیکرٹری جنرل الخدمت فاﺅنڈیشن لاہور، آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر ملک محمد منیر، ڈاکٹر عبدالسلام سمیت مخیر حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ میاں بابر حمید نے کانفرنس میں استقبالیہ سے خطاب کیا اور الخدمت فاﺅنڈیشن کے جاری منصوبوں کے بارے میں پریزنٹیشن بھی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن پاکستان مخیر حضرات کے تعاون سے ضرورت مندوں کی دستگیری کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام خدمت کا جذبہ پروان چڑھا کر الخدمت فاﺅنڈیشن کے جتنے بھی منصوبے جاری ہیں ان میں عملی طور پر بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ عوام کی خدمت کا بیڑہ اٹھایا جا سکے۔ بابر حمید کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت، غربت، سیلاب، زلزلہ، حادثہ، متاثرین پاکستان، افغانستان اور کشمیر کی ہرممکن مدد اور بحالی کے لئے الخدمت فاﺅنڈیشن کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ الخدمت فاﺅنڈیشن ہنگامی بنیادوں پر انسانیت کی خدمات کے کئی جامع منصوبوں میں شب و روز سرگرم عمل ہے۔ بابر حمید کا کہنا تھا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام معیاری تعلیم کو فروغ دینے کے لئے مخیر حضرات کے تعاون سے کئی تعلیمی ادارے کام کر رہے ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں طلبہ و طالبات علم کی پیاس بجھا رہے ہیں۔ الخدمت فاﺅنڈیشن کے درجنوں مدارس میں ہزاروں طلبہ قرآن و حدیث کے ساتھ ساتھ سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن کے زیراہتمام ملک بھر میں بے شمار ہسپتال، ایمبولنس، لیبارٹریز، ڈسپنسریاں، بلڈ بنک اور میڈیکل کیمپس عوام کو صحت کی اعلیٰ سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کو مستحق افراد تک پہنچایا جاتا ہے۔ قیدیوں کی رہائی کے لئے قانونی مدد فراہم کی جاتی ہے۔ بابر حمید کا کہنا تھا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن نے یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کا بیڑہ اٹھایا ہے جس میں طلبہ کو فیس، کتابیں اور خوراک کے لئے 2500 روپے ماہانہ دئیے جاتے ہیں۔ یتیم بچوں کی پرورش اور ان کے لئے رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے 2 آغوش (اٹک راولا کوٹ) مکمل ہو گئے ہیں جہاں 275 یتیم طلبہ کی کفالت کی جا رہی ہے اور 8 آغوش تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ ان آغوش سنٹرز کی تعمیر کے لئے 2 کروڑ تیس لاکھ روپے درکار ہیں۔ آغوش الخدمت میں کمپیوٹر لیب، سپورٹس گراﺅنڈ، ان ڈور گیمز اور بچوں کی نفسیاتی بحالی کے لئے مختلف لیکچررز کا انتظام کیا جاتا ہے۔ ڈپٹی جنرل سیکرٹری الخدمت فاﺅنڈیشن محمد اویس قاسم کا کہنا تھا کہ اسلام مسلمانوں کو ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے کی تلقین کرتا ہے۔ مستحقین کو تلاش کرنا اور ان کی مدد ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا یہ ضروری نہیں کہ ضرورت مند آپ کے سامنے ہاتھ پھیلا ئے۔ محمد اویس نے کہا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن کے رضاکار انسانیت کی خدمت کا پرچم تھامے ہوئے پورے ملک میں محو خدمت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آغوش میں یتیم بچوں کو رہائش، تعلیم کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جبکہ آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت بچوں کو ان کے گھروں میں پچیس سو روپے ماہانہ دئیے جاتے ہیں۔ اس وقت الخدمت فاﺅنڈیشن تین ہزار بچوں کی کفالت کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں 2 سو یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کا بندوبست کرنے کا ٹارگٹ ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور کے صدر میاں مقصود نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یتیموں کی مدد بخشش کا بہانہ ہے۔ آج ہم جو بوئیں گے وہی کل کاٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا الخدمت فاﺅنڈیشن پاکستان کی واحد تنظیم ہے جہاں ایک ایک پائی کا حساب کیا جاتا ہے۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر ملک محمد منیر کا کہنا تھا کہ جو لوگ صاحب استطاعت ہیں ان کو اللہ تعالیٰ نے موقع دیا ہے کہ وہ یتیموں کی کفالت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر اپنی اخروی زندگی کو کامیاب بنائیں۔ یہ عمل خوشنودی خداوند تعالیٰ اور رسول اللہ بھی ہے۔ کانفرنس میں الخدمت فاﺅنڈیشن لاہور کے سیکرٹری ارشد چودھری نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مخیر حضرات نے دل کھول کر یتیم بچوں کی کفالت کا بیڑہ اٹھایا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...