راولپنڈی (سلطان سکندر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ‘ مجلس شوریٰ اور قیادت نے 24,23,22 مارچ 2014 ءکو اسلام آباد میں فارغ التحصیل علماءاور حفاظ کا تین روزہ عالمی اجتماع منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے پہلے سیشن میں امام کعبہ نماز جمعہ کا خطبہ دیں گے۔ اس بات کا اعلان وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی ناظم مولانا قاضی عبدالرشید نے وفاق المدارس کے رہنما¶ں مولانا محمد نذیر فاروقی اور مولانا ظہور احمد علوی کی معیت میں اتوار کو یہاں ایوان وقت میں کیا اور کہا اس اجتماع میں پندرہ لاکھ علماءکی شرکت متوقع ہے مختلف کمیٹیوں نے انتظامات اور رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا ابو القاسم کی قیادت میں وفد شرکت کرے گا۔ بھارتی علماءکو دعوت دینے کے لئے وفاق کا وفد عید کے بعد بھارت کا دورہ کرے گا۔ سوالوں کے جواب میں قاضی عبدالرشید کاکہنا تھا اس اجتماع کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دینا مقصود ہے دینی مدارس کے خلاف دہشت گردی کا الزام سراسر جھوٹ اور اسلام دشمن ہے۔ پرویز مشرف کے خلاف عدالت کے حکم پر سانحہ لال مسجد اور معصوم طلباءکے قتل کا مقدمہ چلایا جائے‘ اگر امریکی قطر میں طالبان سے مذاکرات کی کوشش کر سکتے ہیں تو حکومت پاکستان کو بھی ملک میں قیام امن اور معاشی ترقی کے لئے پاکستانی طالبان سے مذاکرات کرنے چاہئیں۔ وفاق المدارس العربیہ عالم اسلام کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے جس کے ساتھ پاکستان کے 17500 دینی مدارس کا الحاق ہے ان مدارس میں 20 لاکھ طلباءو طالبات علم نبوت حاصل کر رہے ہیں وفاق المدارس کے ساتھ الحاق کے لئے سعودی عرب‘ برطانیہ‘ ملائیشیا سمیت دیگر ممالک کے مدارس رابطہ کر رہے ہیں لیکن وفاق ان کے نصاب کا جائزہ لے گا اور اگر نصاب ہم آہنگ ہوا تو الحاق کیا جائے گا۔ اس اجتماع میں اندرون و بیرون ملک کے شرکت کرنے والے فضلاءو علماءو حفاظ کی دستار بندی کی جائے گی۔ کنونشن سنٹر اسلام آباد میں خصوصی نشست منعقد ہوگی۔ مصر‘ سعودی عرب ‘ اردن‘ ترکی‘ متحدہ عرب امارات کے سکالرز کو مدعو کیا جائے گا امریکہ‘ کینیڈا ‘ یورپ اور عرب ممالک سے وفاق کے فضلاءکو مدعو کیا جا رہا ہے ان سب کی دستار بندی ہوگی‘ انہوں نے کہا کہ اس اجتماع کی باقاعدہ تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وفاق المدارس کے صدر دفتر ملتان میں اس کے لئے خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ وفاق المدارس کے وفود بھارت سمیت بیرونی ممالک کے دورے کریں گے یہ اجتماع دینی مدارس میں ہم آہنگی‘ دنیا بھر کی علمی شخصیات سے رابطے‘ مدارس کی خدمات کو اجاگر کرکے دنیا کو یہ پیغام دے گا کہ دینی مدارس عالم اسلام اور امن کے مراکز ہیں ان پر دہشت گردی کا الزام سراسر جھوٹ اور اسلام دشمنی ہے یہ مدارس اسلام کی تعلیم دیتے ہیں اسلام امن اخوت اور رواداری کا مذہب ہے یہ اجتماع مدارس کا پیغام عام کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ علماءاور وفاق المدارس نے ہمیشہ مطالبہ کیا ہے گولی اور تشدد سے مسائل حل نہیں ہوتے اس کے لئے مذاکرات اور بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے۔ مولانا قاضی عبدالرشید نے کہا پرویز مشرف سمیت کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں آج پاکستان جس بدامنی اور مسائل سے دوچار ہے اس کا ذمہ دار پرویز مشرف ہے لال مسجد میں بے گناہ معصوم طلباءکو شہید کرنے کا ذمہ دار پرویزمشرف ہے۔
وفاق المدارس کا اسلام آباد میں علماءاور حفاظ کا 3 روزہ عالمی اجتماع کا فیصلہ
Jul 15, 2013