چیف پیٹرن ہاکی کے بگڑتے ہوئے معاملات کا فوری نوٹس لیں: شہناز شیخ

Jul 15, 2013

کراچی (این این آئی) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق منیجر اولمپئن شہناز شیخ نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف پیٹرن ہاکی کے بگڑتے ہوئے معاملات کا فوری نوٹس لیں اور پاکستان ہاکی فیڈریشن پر فوری ایڈہاک لگاکرفیڈریشن کو نئے عہدیداران کے سپرد کردیا جائے۔۔ کراچی میں سابق گول کیپراولمپئن قمر ضیا کی رہائش گاہ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اولمپئن شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ موجودہ عہدیداران نے قومی کھیل کو تباہی کے دہانے تک پہنچادیا ہے اوراب کھلے عام لوگ یہ کہنے لگے ہیں کہ ہاکی سے قومی کھیل کا اسٹیٹس واپس لے لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں پاکستان ورلڈ کپ میں بارہویں نمبرپر آیا جبکہ اذلان شاہ، اولمپکس اور ہاکی ورلڈ لیگ میں ساتویں نمبرپر آنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کی گئی ۔۔ چیمپئنز ٹرافی اور کئی دوسرے بین الاقوامی ایونٹس میں پاکستان کی کارکردگی نچلے نمبروں سے ٹاپ پر آرہی ہے ۔۔ ایشیا کپ کی فتح کو نکال کر پاکستان ہاکی مسلسل تنزلی کا شکار ہے اور اگر حکومت نے اب بھی فوری اقدامات نہ کیے تو یہ کھیل بدنامیوں کے مزید نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔۔ اولمپئن شہناز شیخ نے کہا کہ پاکستان ہاکی پینتیس کھلاڑیوں کے گرد گھوم رہی ہے اورپانچ سالوں میں 19اکیڈمیز پر سالانہ تقریبا 22 لاکھ روپے خرچ کرنے کے باوجود کوئی کھلاڑی پیدا نہیں کیا جا سکا ۔۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کھلاڑیوں کو جس طرح کی ٹریننگ اور تربیت دی جا رہی ہے وہ اس کے اہل نہیں اور یہ کھلاڑی پاکستان کو کامیابیاں نہیں دلا سکتے ۔ نئے کھلاڑی پروڈیوس کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے ہمارے پاس جامع پلان موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نعرہ لگایا تھا کہ ”رائٹ مین فار دی رائٹ جاب“ تو اس کا اطلاق فوری طور پر پاکستان ہاکی فیڈریشن پر کرنے کی ضرورت ہے۔ پرچی پر آنے والے پانچ سال سے قابض پی ایچ ایف عہدیداران کو فوری طورپر گھر بھیج کر ایڈہاک لگایا جائے اورہاکی کی دنیا میں پاکستان کو نمایاں مقام دلانے والے لوگوں کو ہاکی کی بہتری کے لیے موقع دیا جائے۔ سابق اولمپئن قمر ضیا نے کہا کہ ریکارڈ تعداد میں فنڈز لینے والے عہدیداران نے ہاکی کوکچھ نہیں دیا۔۔ تباہی کے ذمہ داران کوکیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔

مزیدخبریں