سپین میں بیلوں کی روایتی دوڑ، 23 افراد زخمی

پامپلونا (این این آئی) سپین کے شہر پامپلونا میں ہونے والی بیلوں کی روایتی سالانہ دوڑ کے دوران میں 23 افراد زخمی ہوگئے ¾ زخمیوں میں شامل ایک ہسپانوی اور ایک امریکی شہری کو بپھرے ہوئے بیلوں کے سینگوں کا نشانہ بننے کے باعث گہرے زخم آئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیشتر افراد اس وقت زخمی ہوئے جب بیل رِنگ کو جانے والے ایک سرنگ نما تنگ راستے پر لوگوں کے ہجوم کے باعث بھگدڑ مچ گئی اور کئی افراد بیلوں کے پیروں تلے روندے گئے۔خیال رہے کہ پامپلونا میں علی الصباح ہونے والی بیلوں کی روایتی دوڑ ہر سال منائے جانے والے سین فرمن فیسٹول کا ایک اہم حصہ ہے جس میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے سیاح اسپین کے اس شمالی شہر کا رخ کرتے ہیں۔ ایک ہفتے تک جاری رہنے والے فیسٹول کے دوران سیکڑوں مقامی اور غیر ملکی منچلے روزانہ صبح پامپلونا کی تنگ پتھریلی گلیوں میں بپھرے ہوئے بیلوں کے ریوڑ کے آگے آگے دوڑتے ہیں اس طرح کی دوڑیں اسپین کے دیگر شہروں میں بھی منعقد ہوتی ہیں جن میں ہر سال درجنوں افراد بیلوں کے سینگوں کا نشانہ بننے اور قدموں تلے روندے جانے کے باعث زخمی ہوتے ہیں۔ ماضی میں اس دوڑ کے دوران میں اموات بھی ہوتی رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن