’’بابری مسجد شہادت کیس‘‘ بی جے پی کے 3ارکان اسمبلی سمیت 6ملزموں کے وارنٹ

Jul 15, 2014

لکھنئو (نیوز ڈیسک) لکھنئو میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے بابری مسجد شہادت کیس میں بی جے پی کے 2ارکان اسمبلی ساکشی مہاراج، برج بھوشن کے علاوہ شرن سنگھ اور دیگر 3ملزموں امتھ گوئل، جے بہادر گوئل، رام چندر کھتری اور پون پانڈے کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے تمام ملزم ایک عرصے سے عدالت سے مفرور ہیں اور پولیس ان بااثر انتہا پسند ہندو لیڈروں پر ہاتھ ڈالنے کی ہمت نہیں کر رہی۔ عدالت نے سینٹرل بورڈ آف انویسٹی گیشن کو ہدایت کی ان 6ملزموں کو اگلی تاریخ سماعت 19جولائی کو گرفتار کرکے ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے۔ واضح رہے کہ تاریخی بابری مسجد 22سال قبل 6دسمبر 1992ء کو ایودھیا میں انتہاپسند ہندوئوں نے حملہ کرکے شہید کر دی تھی اسکا کیس بھی کئی سالوں سے عدالت میں زیرسماعت ہے اور اب تک سی بی آئی کی عدالت اسکا فیصلہ نہیں دے سکی۔ اس مقدمے میں کل 22انتہاپسند ہندو رہنما نامزد ملزم ہیں جبکہ رائے بریلی کی خصوصی عدالت میں دیگر ملزموں کیخلاف بابری شہادت کیس کی سماعت ہو رہی ہے۔

مزیدخبریں