اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے آج پارٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں تحریک انصاف اور منہاج القرآن کے دھرنوں سے نمٹنے کے طریقوں پر غور کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے وزراء اور اہم پارٹی رہنما شرکت کرینگے اور ڈی چوک میں ہونے والی ریلی پر سٹریٹجی بنائی جائیگی۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو 14 اگست کی تقریب میں شامل کرنے پر پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائیگا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نوازشریف 14 اگست کو زیارت میں قائداعظم ریذیڈنسی کا افتتاح کریں گے۔ قائداعظم ریذیڈنسی کو 15 جون 2013ء کو دھماکوں سے تباہ کر دیا تھا۔دریں اثناء وزیراعظم نوازشریف آج ٹیکس گزاروں کیلئے مراعات کے پیکیج کے تحت ٹاپ ٹیکس گزاروں میں کارڈز تقسیم کریں گے۔کارڈز کے حامل ٹیکس گزار ائرپورٹس اور دوسرے مقامات پر سہولتوں سے استفادہ کر سکیں گے۔ وزیراعظم نے چند ماہ قبل ہر کیٹگری کے ایک سو بڑے ٹیکس دہندگان کیلئے مراعات کا اعلان کیا اور اس اعلان کی روشنی میں آج ایک خصوصی تقریب میں ٹاپ ٹیکس گزاروں میں کارڈز تقسیم ہوں گے۔
وزیراعظم نے آج اہم پارٹی اجلاس طلب کرلیا 14 اگست کو زیارت میں قائداعظم ریذیڈنسی کا افتتاح کرینگے
Jul 15, 2014