غزہ (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں پر مغربی دانشوروں نے مذمت کی ہے۔ یورپ اور امریکہ کے اہم دانشوروں نے اسرائیل کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔ معروف سائنسدان سٹیفن ہاکنگ نے بطور احتجاج اگلے ماہ مقبوضہ بیت المقدس میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی مفکر نوم چومسکی نے کہا ہے اسرائیل کی حکومت جنوبی افریقہ کی سفید فام سرکار سے زیادہ نسل پرست ہے۔ اسرائیل کے بائیکاٹ کی حمایت کرتا ہوں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل میں سرمایہ لگانے والے صنعتی اداروں کا بھی بائیکاٹ کیا جائے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوجی بھی فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر بول اٹھے ہیں۔ ایک اہلکار نے کہا کہ اسرائیلی فوجی قبضے کی مخالفت کرتا ہوں۔ دریں اثناء ایک گروپ بریکنگ دی سائلنس نے دس برس کی محنت کے بعد فلسطینی علاقوں میں تعینات رہنے والے اسرائیلی فوجیوں کے اعترافات کو پیش کیا ہے۔ گروپ نے ایک دہائی کے دوران ان ساڑھے نو سو اعتراف ناموں کو جمع کیا جس میں اسرائیلی فوجیوں کی تاریخ اور تنازعے و قبضے پر ناقدانہ تجزیہ بھی شامل تھا۔