خضدار میں اجتماعی قبروں سے متعلق عدالتی ٹربیونل کی تحقیقاتی رپورٹ حکومت کے حوالے

Jul 15, 2014

  کوئٹہ (آئی این پی ) خضدار میں دریافت ہونی والی اجتماعی قبروں سے متعلق عدالتی ٹربیونل نے کام مکمل کر کے  تحقیقاتی رپورٹ حکومت بلوچستان کے حوالے کر دی۔پیر کو برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ اجتماعی قبریںجنوری میں خضدار کے علاقے توتک میں دریافت ہوئی تھیں۔بلوچستان حکومت نے اجتماعی قبروں اور وہاں سے برآمد ہونے والی نعشوں کے بارے میں تحقیقات کے لئے ہائیکورٹ کے جج پر مشتمل ٹربیونل قائم کیا تھا۔اطلاعات کے مطابق جسٹس محمد نور مسکانزئی پر مشتمل اس ٹربیونل نے تحقیقاتی رپورٹ حکومت بلوچستان کے حوالے کر دی ۔تاہم بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے اس کی تصدیق تو نہیں کی تاہم  انہوں نے کہا ہے کہ ٹربیونل نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی بیرون ملک دورے سے واپسی کے بعد اس رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا اور یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ اسے منظر عام لایا جائے یا نہیں۔یاد رہے کہ توتک سے جو نعشیں بر آمد ہوئی تھیں ان میں سے زیادہ تر ناقابل شناخت تھیں۔

مزیدخبریں