لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کا دورہ کرنے والی قومی انڈر 17 ٹیم کی مینجمنٹ کا اعلان کر دیا۔ تیمور عظمت ٹیم کے ہیڈ کوچ جبکہ وسیم حیدر اسسٹنٹ کوچ کے فرائض انجام دینگے۔ علی ضیا ٹیم منیجر اور یاسر ملک ٹرینر ہونگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے عمران رفیق کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ پاکستان انڈر 17 ٹیم دورہ انگلینڈ میں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے علاوہ ایک تین روزہ میچ کھیلے گی۔ قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم اگست کو لاہور میں شروع ہوگا جبکہ 9 اگست کو انگلینڈ کے دورہ پر روانہ ہو جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں گوہر حفیظ ذیشان ملک محمد عمیر سید مزمل شاہ عمران رفیق (کپتان) عماد عالم، حسن خان (نائب کپتان)، احمد سلطان، ہدیات اﷲ (وکٹ کیپر)، فراز خان، محمد سلطان، محمد عمر، ثمین گل، اکرام اﷲ نیازی اور عاقب خان شامل ہیں۔ جونیئر سلیکشن کمیٹی نے پانچ ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کیا ہے جن میں محمد عمر، منیب الرحمان، راو عرفان، محمد سلیم اور ابتسام شامل ہیں۔ پاکستان انڈر 17 ٹیم دورہ انگلینڈ کا آغاز ایک روزہ پریکٹس میچ سے کرئے گی جو 12 اگست کو انٹرنیشنل الیون کے خلاف کھیلا جائیگا۔ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 15 اگست کو دوسرا 17 اگست کو جبکمہ تیسرا میچ 19 اگست کو کھیلے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کی انڈر 17 ٹیموں کے درمیان واحد تین روزہ میچ 22 سے 24 اگست تک کھیلا جائیگا۔ پاکستان ٹیم 25 اگست کو واپس وطن پہنچے گی۔