چینی کمپنی سے مل کر کول پاور پراجیکٹ مقررہ مدت میں مکمل کرینگے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز لاہور سے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کے حوالے سے چین کے شہر بیجنگ میںچینی کمپنی ہیوانینگ شین ڈونگ پاور کے صدر وینگ وین ژونگ کیساتھ ویڈیو کانفرنس کی، جس کے دوران ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کے اہم امور پر ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب حکومت اور چینی کمپنی نے منصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔ ویڈیو کانفرنس کے دوران منصوبے کی سائٹ پر ہونے والے تعمیراتی کاموں کی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ شہباز شریف نے چینی کمپنی ہیوانینگ شین ڈونگ پاور کے صدر وینگ وین ژونگ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال میں 660 میگاواٹ کے 2 کول پاور پلانٹس کا منصوبہ پاک چین دوستی کی ایک اور شاندار مثال ہے اوراس منصوبے سے پاکستان اور چین کے درمیان معاشی اور اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ قومی نوعیت کا انتہائی اہم منصوبہ ہے اور1320 میگاواٹ کے اس منصوبے پر برق رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ پنجاب حکومت اور چینی کمپنی مشترکہ اقدامات کے ذریعے منصوبے کو 2017ء میں مقررہ مدت میں مکمل کریں گی۔ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ 2017ء میں بجلی مہیا کرے گا۔ متعلقہ وفاقی اور صوبائی ادارے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے چینی کمپنی کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔ ساہیوال میں سپر کریٹیکل پاور پلانٹس لگائے جا رہے ہیں جو ماحول دوست ہیں۔منصوبے کے حوالے سے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں اور میں ذاتی طور پر اس منصوبے پر پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے کیلئے جنریٹرز، ٹربائنز اور بوائلرز کی خریداری کیلئے بروقت آرڈر دینے پر چینی کمپنی کے صدر وینگ وین ژونگ کا شکریہ ادا کیا۔ چینی کمپنی کے صدر وینگ وین ژونگ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستی کا ایک اہم سنگ میل ہے اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کے ویژن کے تحت منصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ چینی کمپنی کے صدر نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ یہ منصوبہ 2017ء میں بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔کابینہ کمیٹی برائے فلڈنے مختلف سائیٹس کے دوروں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جبکہ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے حفاظتی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بارشوں اور ممکنہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔کابینہ کمیٹی برائے فلڈ اس ضمن میں کیے گئے فیصلوں اور اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ حفاظتی انتظامات کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی قطعاً برداشت نہیں کی جائیگی۔ متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے کام کر کے دکھانا ہوگا۔ متعلقہ صوبائی وزراء اور سیکرٹریز لاہور بیٹھنے کی بجائے ممکنہ سیلاب کے خطرے والے علاقوں میں موجود رہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈی سی اوز مشینری کو چیک کر کے مجھے فی الفور رپورٹ بھجوائیں۔ متعلقہ صوبائی اوروفاقی ادارے باہمی کو آرڈینیشن سے فرائض سرانجام دیں۔ متعلقہ محکموں میں رابطے کا فقدان ناقابل برداشت ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پرصورتحال پر مکمل کڑی نظر رکھی جائے۔ مون سون اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے مرتب کردہ ایمرجنسی پلان پر پوری طرح عملدر آمد یقینی بنایا جائے۔ ادویات اوردیگر تمام ضروری اشیاء کا وافر سٹاک موجود ہونا چاہئے۔ دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال کو مسلسل مانیٹرکیا جائے۔ مزید براں شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں معذور افراد کیلئے سماجی تحفظ کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی تحفظ کے پروگرام کے تحت معذور افراد کو ماہانہ مالی امداد دی جائے گی اور انہیں مرحلہ وار پروگرام کے تحت معاشرے کا مفید شہری بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ معذور افراد کو ہنر مند بنانے کیلئے خصوصی پروگرام وضع کئے جائیں۔ سماجی تحفظ کے پروگرام کیلئے روا ںمالی سال2ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ پنجاب کی پہلی سوشل پروٹیکشن پالیسی بھی مرتب کی جا رہی ہے۔ معذور افراد کیلئے سکل ڈویلپمنٹ کے خصوصی کورسز متعارف کرانے کے حوالے سے نجی شعبہ سے بھی بات چیت کی جائے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز یہاںاعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹیکسوں اورواجبات کی وصولی اور ادائیگی کے نظام کو سہل بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ٹیکسوں اورواجبات کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں۔ ٹیکسوں اورواجبات کی وصولی و ادائیگی کے نظام کو سہل بنانا ہوگا۔اس نظام کو آسان بنا کرریونیو میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے نیشنل بنک اورپنجاب حکومت کے اعلی حکام پر مشتمل مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی ٹیکسوں اورواجبات کی ادائیگی کے عمل کو آسان اور عوام کی امنگوں کے مطابق بنانے کے حوالے سے دو ماہ میں سفارشات پیش کریگی۔ محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دورحکومت میں معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز لاہور میں تعینات امریکہ کے قونصل جنرل زیچرے ہارکن رائیڈر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے نظریاتی اور سرگرم کارکن طاہر جمشید اور سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن میاں اسرار الحق کے بھائی میاں نثارالحق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...