لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر تجار ت انجینئرخرم دستگیر خان نے کہا کہ سٹریٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک 2015-18تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ، اسے جلد ہی غور کیلئے کابینہ کی ذیلی کمیٹی میں پیش کردیا جائے گااور کمیٹی کی سفارشات شامل کرنے کے بعد کابینہ اس کی منظوری دے گی۔ مجوزہ ٹریڈ پالیسی میں متعدد نئے مراعاتی پروگرامز کا اجراء کیا جائے گا جس کی بدولت تاجروں کو ملکی برآمدات میں اضافے کی ترغیب ملے گی، مراعاتی پیکج کے ذریعے ملک کے روایتی اور غیر روایتی برآمدی سیکٹروں میں ویلیو ایڈیشن پر تاجروں کومراعات فراہم کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے سٹریٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک 2015-18سے متعلق ریویو میٹنگ کے دوران کیا۔وزیر تجارت نے کہا کہ معاشی اہداف کے حصول کیلئے تمام معاشی وزارتوں کے مابین مثالی رابطہ ضروری ہے تاکہ فیصلے ملکی مفاد میں اور انتہائی سرعت کے ساتھ لئے جاسکیں۔کابینہ کی کمیٹی وزارتوں کے مابین رابطوں کو مزید مضبوط کرے گی۔