اسلام آباد (سپیشل رپورٹ +آئی این پی) پاکستان میں تعینات چھ ممالک کے سفیروں نے ایوان صدر میں پر وقار تقریب میں اپنی اسناد سفارت صدر مملکت کو پیش کیں۔ اس سے قبل ہر ملک کے نامزد سفیر کو علیحدہ علیحدہ بگی پر ایوان صدر کے مرکزی دروازے پر لایا گیا جہاں انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ صدرممنون حسین نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات چاہتا ہے ، خاص طور پر خطے میں امن کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور اس سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دیں اور اس کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ انھوں نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب کامیابی سے جاری ہے اور آخری دہشت گردکے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔صدر مملکت نے نئے تعینات ہونے والے سفیروں کو مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ اسناد سفارت پیش کرنے والوں میںآذربائیجان کے سفیر علی فکرت اوگلو علی زادہ ، کوریا کے سفیر سوڈونگ گیو، صومالیہ کی سفیر خدیجہ محمد المقسومی، سوڈان کے سفیر ٹگلدین علیدی الطاہر ،سویڈن کی سفیر انگریڈ جونسن اور بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر طارق احسن شامل ہیں۔علاوہ ازیں صدر سے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے ملاقات کی صدر نے کہا کہ لوگوں کی حالات زار کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ صدر نے کہا کہ اچھی تعلیم اور بہترین طبی سہولتیں ہر شہری کا بنیادی حق ہے رفیق رجوانہ نے صدر کو جنوبی پنجاب میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔
ہمسایوں سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں‘ آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیگا: صدر ممنون
Jul 15, 2016