سٹاک مارکیٹ: 100 انڈیکس ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر‘ 207 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی(مارکیٹ رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز جاری تیزی پر 100 انڈیکس 207.54 پوائنٹس اضافہ پر 39100‘ 39200 کی2 بالائی حدود عبور ہوکر 39257 کی ریکارڈ سطح پر بند رہی۔ سرمایہ کاری مالیت میں 21 ارب 22 کروڑ روپے کا زائد اضافہ رہا۔ سیمنٹ‘ گیس‘ ٹی آر جی پاک‘ پاک ریفائنری اورا ٹک ریفائنری کے حصص کی خریداری کے اچھے اثرات کے باعث سرمایہ کاروں نے دیوان سیمنٹ‘ سوئی ناردرن گیس‘ پاک ریفائنری ‘ اٹک ریفائنری ‘ ٹی آر جی پاک سمیت بیشتر حصص کی زائد خریداری کرکے اسے اگلے روز کی تیزی پر حاصل کرلئے جس کے نتیجے میں مارکیٹ اختتام پر 100 انڈیکس 207.54 پوائنٹس اضافہ پر39257.00 پر بند رہا۔ مارکیٹ میں سرگرم حصص کا دائرہ کار364 کمپنیوں تک رہا۔ جس میں 213کمپنیوں کی قیمتوں میںا ضافہ‘ 126 کمپنیوں کی قیمتوں میں کمی اور25کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مجموعی مارکیٹ کیپٹل 78 کھرب 35ارب 18کروڑ 25لاکھ 87ہزار917 روپے سے بڑھ کر 78کھرب 56 ارب 40کروڑ 32 لاکھ 85ہزار364 روپے ہوگئی۔گزشتہ بدھ کے مقابلے میں کاروباری سرگرمی 3کروڑ 19لاکھ 64ہزار340 حصص کے سودوں میں کمی رہی اور مجموعی سودوں میں16کروڑ 49 لاکھ 63ہزار700 حصص کے سودوں میںکمی ریکارڈ کی گئی۔واضح رہے کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد گذشتہ پیر کو ٹریڈنگ کا آغاز ہونے کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس میں 401.20 پوائنٹس کا اضافہ رونماء ہوا تھا جبکہ منگل کو 663.66 پوانٹس اور بدھ کو 17.84 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ مزیدبرآں جمعرات کو کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 73.61 پوائنٹس کا اضافہ رونماء ہوا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 571.76 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن