لاہور/کوٹلی (خصوصی رپورٹر +آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کشمیریوں کے سب سے بڑے وکیل ہیں،انہوں نے ہر فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکن جماعت کا سرمایہ ہیں،عوام 21جولائی کو شیر پر مہر لگا کر نواز شریف کے وکالت نامے کی توثیق کرینگے،نواز شریف کو مضبوط کرنا پاکستان اور کشمیر کو مضبوط کرنا ہے آزاد کشمیر کے وزیراعظم ہائوس میں مسلم لیگ (ن) کا کارکن بیٹھے گا۔ کوٹلی چڑ ہوئی میں کارکنوں سے خطاب کر تے ہوئے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن)کے کارکن جماعت کا سرمایہ ہیں، چڑ ہوئی تحصیل ہیڈ کوارٹر کو کسی اور جگہ منتقل نہیں کیا جائیگا۔ چڑوتی کو میرپور اور میرپور کو مظفرآباد سے ایکسپریس وے سے ملائیںگے۔ ہر تحصیل ہیڈ کوارٹر میں ہسپتال تعمیر کیا جائے گا، عوام کی سہولت کیلئے ہیلی کاپٹر ایمبولینس سروس شروع کی جائے گی۔ مسئلہ کشمیر کو پیپلز پارٹی نے سرد خانے میں ڈال دیا ہے، مسئلہ کشمیر کو عالمی ایجنڈا سے علاقائی مسئلہ پیپلز پارٹی نے بنایا۔(آج) تمام کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیلئے آواز بلند کرنی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے پار مضبوط اور موثر پیغام دینے کے لئے شیر پر مہر لگانا ضروری ہے،مقدمہ کشمیر کو شملہ معاہدے کے تحت اندرا گاندھی کے ہاتھوں بیچنے والے گزشتہ پانچ برس سے آزاد کشمیر میں حکمران ہیں، تاریخ میں اتنی بدترین کرپٹ حکومت نہیں دیکھی جتنی مجید حکومت ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود عمران خان جو ترقی، خوشحالی، روشنیوں اور بچوں کے روشن مستقبل کا دشمن ہے، کے کہنے پر اپنے کارکنوں کو مخالفین کو دیکھتے ہی گولی مار دینے کا حکم دیتا ہے، آزاد کشمیر الیکشن کمیشن اور انتظامیہ ان دھمکی آمیز بیانات پر بیرسٹر سلطان محمود کے خلاف قانونی کارروائی کریں،مجاہد اول کا بیٹا مخبر اول بن چکا ہے، کہاں مجاہد اول اور کہاں مخبر اول؟ ۔ انہوں نے کہا وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر آزاد کشمیر بھر میں (آج) جمعہ کی نماز کے بعد تمام اضلاع میں مساجد کے باہر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیری بھائیوں کی شہادت کے واقعات اور بھارت کے ظلم و بربریت اور غنڈہ گردی کے خلاف یوم مذمت منائیں گے۔ انہوں نے کہا آزاد کشمیر میں ہر جگہ ایک ہی آواز سنائی دیتی ہے ’’اے کی رولا پے گیا، شیر ساریاں سیٹاں لے گیا‘‘۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آزاد امیدوار نعیم منصب داد نے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار راجہ اقبال کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا۔