نیویارک+ سری نگر (نمائندہ خصوصی+ بی بی سی+ نوائے وقت نیوز+ رائٹرز) پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سفاکیت کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے پر بھارت آگ بگولہ ہو گیا۔ بھارت کے مستقل مندوب سید اکبر الدین نے الزام لگایا ایک ایسے ملک کو حقوقِ انسانی کی بات زیب نہیں دیتی جو ’دہشت گردی کو ریاستی پالیسی‘ کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ جمعرات کو جنرل اسمبلی میں انسانی حقوق کے موضوع پر خصوصی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی مندوب کی جانب سے یہ ردعمل مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کے جنرل اسمبلی میں خطاب کے بعد سامنے آیا۔ بھارتی مندوب نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو غلط مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ پاکستان جیسا ملک کر رہا ہے جو اپنی سرزمین کو دوسروں کے لیے استعمال ہونے دیتا ہے، دہشت گردوں کے گْن گاتا ہے۔ یہ ملک جو اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دئیے گئے افراد کو پناہ دیتا ہے۔ وہ انسانی حقوق اور حق خوداردیت کے لیے اپنی حمایت ظاہر کرنے کے لیے دکھاوا کر رہا ہے۔ پاکستان کا ’ٹریک ریکارڈ‘ ایسا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل کی رکنیت کیلئے عالمی برادری کی حمایت حاصل نہیں کر سکا۔ قبل ازیں مقبوضہ کشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پس منظر میں پاکستان نے اس مسئلہ کو ایک بارپھر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھاتے ہوئے جنوبی ایشیا میں امن وسلامتی کیلئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کیا ہے جس کا وعدہ ان سے اقوام متحدہ نے کر رکھا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی نے 193رکنی جنرل اسمبلی میں انسانی حقوق پر مباحثے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دینے سے انکار کے نتیجے میں عصمت دری، تشدد، غیرقانونی حراست اور ماورائے عدالت قتل جیسی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آرہی ہیں، تشدد کی یہ لہر گذشتہ کئی سالوں میں شدید ترین ہے جس پر قابو پانے کیلئے مزید سینکڑوں بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر بھیجے جا رہے ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کے لئے سرگرم مجاہدین کیخلاف کارروائی جاری جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ایک بھارتی عہدیدار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میںاحتجاجی مظاہروں کے باوجود عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائیاں جار ی رہیں گی۔ حالیہ مظاہروں کے دوران بھارتی فوج نے درجنوں افراد کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کر دیا۔ بھارتی سکیورٹی عہدیدار کے مطابق حالیہ برسوں میں پاکستان سے سرحد پار کر کے آنیوالوں کی تعداد کم ہو گئی ہے اور کشمیر میں سر گرم عسکریت پسندوں کی تعداد100کے قریب رہ گئی ہے۔
پاکستان نے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں پھراٹھادیابھارت آگ بگولہ
Jul 15, 2016