لاہور+گوجرانوالہ+ ملتان (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ آن لائن) لاہور‘گوجرانوالہ، ملتان میں مسلم لیگ ن کے رہنما متحرک ہو گئے جگہ جگہ وزیراعظم کے حق میں بینر آویزاں کر دئیے، لاہور کے مال روڈ پر حکومت کی کارکردگی کے بینرز لگائے گئے جن پر تحریر تھا نواز شریف پاکستان مجرم اعظم یا خادم اعظم فیصلہ آپ کے ضمیر کا‘ نوازشریف کے جرم قوم پر احسانات۔ بعض بینرز پر متنازعہ تحریر بھی درج ہیں جبکہ رات گئے داتا گنج بخش ٹاﺅن کے سپیشل سکواڈ نے بعض بینرز اتار بھی دیئے۔ملتان میں متوالیوں نے برقع پہن کر مظاہرہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما میدان میں آگئے وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کے حق میں بینرز لگنا شروع ہو گئے۔ لیگی ممبر صوبائی اسمبلی توفیق بٹ کی جا نب سے جی ٹی روڈ سمیت دیگر مقامات پر بینرز لگائے جارہے ہیں جن پر نواز شریف اور مریم نواز کی تصاویر کے ساتھ قدم بڑھاﺅ نواز شریف قوم تمہارے ساتھ ہے اور نواز شریف کی حکمرانی قوم کے دلوں پر ہے“ کے نعرے درج ہیں۔ دریں اثناءملتان میں کچہری چوک پر وزیراعظم نوازشریف کی حمایت میں برقع پوش خواتین میدان میں آ گئیں جنہوں نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف نعرے بازی کی اور احتجاج ریکارڈ کر دیا۔ لیگی خواتین نے نوازشریف اور ان کے خاندان کے حق میں نعرے بازی کی اور پلے کارڈ بینرز اٹھا رکھے تھے لیکن خواتین نے کچہری چوک پر احتجاج کیا عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف نعرے بازی کی اور عمران خان کا پتلا بنا کر چوڑیاں پہنائیں اور جھاڑو تھما دیا۔
مظاہرہ
لاہور‘ گوجرانوالہ‘ وزیراعظم کے حق میں بینرز، ملتان کی برقع پوش متوالیوں کا مظاہرہ
Jul 15, 2017