اسلام آباد (صباح نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی غلام احمد بلور نے بڑی اپوزیشن جماعتوں سے استفسار کیاہے کہ وہ ملک میں کسی بھی وزیراعظم کے استعفے کی مثال پیش کریں۔ میاں نوازشریف ”نیازی“ نہیں ہیں کہ ہتھیار ڈال دیں، وہلاہور کا جیالا ہے۔ آخری وقت تک لڑے گا اور مقابلہ کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ گذشتہ روز متحدہ حزب اختلاف کے اجلاس کے بعد نمازجمعہ کے لئے بروقت جامع مسجد پارلیمنٹ ہا¶س میں پہنچنے کے پیش نظر حاجی غلام احمد بلور دیگر اپوزیشن رہنما¶ں کے ہمراہ میڈیا ٹاک نہ کر سکے۔ نماز جمعہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑے بڑے واقعات دیکھے کسی نے استعفیٰ نہیں دیا۔ کوئی استعفیٰ دیتا ہے نہ دے گا۔ نوازشریف کا استعفیٰ ناممکن نظر آتا ہے۔ 1970ءکی دہآئی میں ہمارا لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسے پر گولی چلائی گئی 17 لاشیں اٹھائیں، 200 سے زائد زخمی ہوئے، بڑی تعداد میں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ صوبہ سرحد (خیبرپختونخوا) سے جن بسوں پر آئے تھے، ان کو بھی نذر آتش کر دیا گیا مگر وزیراعظم کا استعفیٰ تو دور کی بات کوئی وزیر داخلہ، آئی جی، ڈی ایس پی تک مستعفی نہیں ہوا۔ پاکستان میں کسی وزیراعظم کے مستعفی ہونے کی مثال نہیں ہے۔جب معاملہ نوازشریف کے بیٹوں کا ہے تو وہ کیوںمستعفی ہوں۔ نوازشریف کو معلوم ہے کہ اگر وہ مستعفی ہوا تو سیاسی طور پر ”صفر“ ہو جائے گا۔ لاہور کا جیالا ہے ”نیازی“ نہیں ہے۔ ہتھیار نہیں ڈالے گا۔ آخر وقت تک لڑے گا اور مقابلہ کرے گا۔
نواز شریف ”نیازی“ نہیں کہ ہتھیار ڈال دیں، وہ لاہور کا جیالا ہے آخری وقت تک لڑے گا :غلام بلور
Jul 15, 2017