لاہور(اے پی پی )آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے انتخابی مہم کے دوران دہشتگردی کی بد ترین لہر پر اپنی گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کی سازشوںکو ناکام بنانے کیلئے پوری قو م سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہو گی ، حالیہ سانحات پرپوری قوم رنج و غم میں مبتلا ہے لیکن ہمیں ان لمحات کو کمزوری کی بجائے طاقت میں بدلنا ہوگا ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ دہشتگرد اپنی بربریت سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہنے والا خون ضرور رنگ لائے گا اور پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن اس کی سلامتی کے درپے ہیں، ایسے حالات میں ہمیں بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کرکے انہیں ناکام بنانا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی قوم دہشتگردوں کی مذموم کارروائیوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں بلکہ ان کاہر جگہ پیچھا کیا جائے گا اور جب تک دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ نہیںپھینکا جاتا پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ملک بھر کی تاجر برادری متاثرہ خاندانوں کے غم میںبرابر کی شریک ہے اور انہیں کسی بھی مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
سازشوںکو ناکام بنانے کیلئے پوری قو م سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی: اشرف بھٹی
Jul 15, 2018