نواز شریف کو عدلیہ اورفوج سے نہ لڑنے کا مشورہ دیا تھا،چوہدری نثار

Jul 15, 2018

اڈیالہ (نامہ نگار) سابق وزیر داخلہ اورحلقہ این اے 59اور 63سے آزاد امیدوار چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی جن لوگوںنے بنیاد رکھی تھی آج مجھ سمیت نواز شریف کو چھوڑ گئے ہیں،میں یہی چاہتا تھا کہ نوازشریف کو یہ دن نہ دیکھنا پڑے، نواز شریف کو جیل میں دیکھ کر مجھے دکھ ہورہا ہے،میں نہیں چاہتا تھا کہ نواز شریف کو جیل جانا پڑے ،مشورہ دیا تھا کہ مشکل میں پھنس گئے ہو عدلیہ اورفوج سے لڑائی نہ کرو۔یونین کونسل اڈیالہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ مجھے لوگوں نے کہا کہ خاموشی سے ٹکٹ کے لئے درخواست جمع کروا دیں مگر میرا جواب تھا میں کوئی کام خاموشی سے نہیں کرتا ہوں میں تھوک کر چاٹتا نہیں ۔انہوںنے کہاکہ میرا مخالف میٹرک فیل ہے اور بی اے کی ڈگری لے کر پھرتا ہے ،اس موقع پر یونین کونسل اڈیالہ کے وائس چیئرمین شمس الرحمن راجہ،صوبائی اسمبلی کے امیدوارحاجی عمر فاروق،یونین کونسل دھاماں کے سابق ناظم چوہدری الیاس ، سید واصف حسین شاہ، راجہ ارشد ، راجہ محمد رزاق منہاس، راجہ اورنگزیب سمیت علاقے کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔چوہدری نثارنے کہا کہ عمران سے 40سال سے دوستی ہے ۔ عمران خان کہہ رہا تھا میرے ساتھ آجائو جتنے چاہیے ٹکٹ دوں گا مگر میں نہیں گیا میرا مخالف آج کس منہ سے اس کے ساتھ کھڑا ہے جس کا لیڈر مجھے کہہ رہا تھا میں ٹکٹ دیتا ہوں میرے مخالف نے کوئی جماعت نہیںچھوڑی ،ہر جماعت میں رہا ہے مشرف دور میں پانچ سال وزیر رہا ہے مگر کوئی کام نہیں کروا سکا۔ میں چار سیٹوں پر آزاد کھڑا ہوں انشاء اللہ ریکارڈ ہوگا کہ ایک آزاد امیدوار چاروں سیٹوں سے جیتا ہے۔ یہ جیب اب رکنے والی نہیں ہے۔
چوہدری نثار

مزیدخبریں