لدھیوالہ وڑائچ، کامونکے (نامہ نگار) پینا فلیکس لگانے سے باز نہ آنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے فائرنگ کرکے چار مسلم لیگی کارکنوں کو زخمی کردیا۔ مدوخلیل کے علاقہ میں مسلم لیگ (ن) کے کارکن علی رضا، زاہد گل، قمر اور اکرام پینا فلیکس لگا رہے تھے جنہیں تحریک انصاف کے کارکنوں اصغر اور یوسف نے منع کیا لیکن وہ باز نہ آئے جس پر اصغر اور یوسف نے فائرنگ کرکے انہیں زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ تھانہ لدھیوالہ پولیس نے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔ دوسری طرف پولیس کے مطابق دونوں پارٹیوں کے درمیان عرصہ دراز سے اراضی کا تنازعہ چل رہا تھا جو جھگڑے کا باعث بنا۔ دریں اثنا کامونکے میں ووٹ توڑنے کی رنجش پر اندھا دھند ہوائی فائرنگ کرکے علاقہ میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ نواحی گائوں نانگرے میں گزشتہ روز پی ٹی آئی کے سپورٹر میاں اویس اور مسلم لیگ (ن) کے حامی فیصل رشید کے درمیان ووٹ لینے دینے پر جھگڑا ہوگیا جس پر پی ٹی آئی کے اویس جاوید نے طیش میں آکر فیصل رشید ارائیں پر سیدھی فائرنگ کردی جس نے بمشکل چھپ کر جان بچائی۔ ملزم اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے اے ایس پی سرکل کامونکے کو ملزم اویس کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیدیا ہے۔