لاہور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جرم بیگناہی میں جیل بھجوانے والوں نے 13 جولائی کو ان کی لاہور آمد سے دو دن پہلے ہی خوفزدہ ہو کر جو آمرانہ طور پر طریقے اپنائے اس سے نگرانوں کی اصل حقیقت بھی عوام پر آشکار ہو گئی ہے۔ انتخابی جلسے سے خطاب میں سعد رفیق نے مزید کہا کہ پرامن کارکنوں پر آنسو گیس اور ڈنڈے برسانے والوں کا الٹا جھوٹے مقدمات کرنا پری پول رگنگ کے زمرے میں آتا ہے۔ ادھر پی پی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ جتنا دھوکہ نواز شریف کے ساتھ ہوا پوری سیاسی تاریخ میں نہیں دیکھا شہباز شریف اور لیگی قیادت نے نواز شریف کو دھوکہ دیا۔ چھوٹی رکاوٹیں عبور نہ کر سکے ائرپورٹ نہ پہنچے۔ ق لیگ اور پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کو تنہا چھوڑ دیا۔ لوہے کے چنے چبانے والے سعد رفیق نظر نہ آئے۔ اعتزاز کے طنز پر سعد رفیق نے کہا ججوں کی بحالی کی تحریک میں اعتزاز احسن اپنے گھر میں دبکے رہے۔ جب تک نواز شریف اور ہم سڑکوں پر نہیں آئے موصوف باہر نہیں نکلے۔ میں شروع سے آخر تک ریلی میں رہا جلن سے اعتزاز احسن کی آنکھوں میں ککرے پڑے گئے ہیں۔
نوازشریف سے دھوکا ہوا، لوہے کے چنے چبانے والے نظر نہیں آئے: اعتزاز، پی پی رہنما کی آنکھوں میں ککرے پڑ گئے: سعد رفیق
Jul 15, 2018