لاہور (وقائع نگار خصوصی) ضابطہ دیوانی کے نئے رولز کو پنجاب کے تین اضلاع کی عدالتوں میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پائلٹ پراجیکٹ سے وابستہ تین اضلاع قصور، مظفر گڑھ اور جہلم کے ضلعی ججز کو نئے رولز کے نفاذسے متعلق تربیت دی جائے گی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار اٹھائیس جولائی کو پائلٹ پراجیکٹ کی لانچنگ کے حوالے سے افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پرشرکت کریں گے۔ قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس انوارالحق، لاہورہائیکورٹ کی رولز کمیٹی کے ممبرجسٹس شاہد کریم اور سینیٹر قانون دان میاں ظفر اقبال کلانوری نے ضابطہ دیوانی کے نئے رولز کے نفاذ سے متعلق ہونے والے اجلاس میں شرکت کی۔ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا ضابطہ دیوانی کے نئے رولز کو حتمی منظوری کے لئے پنجاب کابینہ کے پاس بھجوا دیا گیا ہے۔ نگران وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امتیاز رشید قریشی اور کابینہ کے ارکان کل سولہ جولائی کو کابینہ کے اجلاس میں نئے رولز کی منظوری دیں گے۔ میاں ظفر اقبال کلانوری نے اجلاس سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ضابطہ دیوانی کے رولز کو پنجاب کے تین اضلاع قصور، مظفر گڑھ اور جہلم میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ستمبر سے لانچ کیا جائے گا جس کے پہلے مرحلے میں متعلقہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے ضلعی عدلیہ کے ججز کی تربیت کا مرحلہ اگست کے مہینے میں مکمل کر لیا جائے گا۔ نئے رولز کے تحت ایشو فریم ہونے تک کسی بھی مقدمے کو دوسرے جج کے پاس ٹرانسفر نہیں کیا جا سکے گا۔ ایشو فریم ہونے کے بعد کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مقدمے کی باضابطہ سماعت کے موقع پر دونوں فریقین کو مصالحت کا ایک موقع دیا جائے گا۔ دوسری جانب فوجداری نوعیت کے تصفیہ طلب مقدمات کوترمیمی رولز میں شامل رکھا گیا ہے۔ اس اجلاس سے قبل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں قائم مقام چیف جسٹس انوارالحق کی سربراہی میں پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے رولز سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے رولز بنانے، جوڈیشل اکیڈمی میں کل وقتی اور جز وقتی فکیلٹی ممبران کی تعیناتیوں کے علاوہ جوڈیشل افسران کے تربیتی پروگرام کے کورسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے معاملات زیر غور آئے۔ اجلاس میں ایجنڈے کے مطابق بعض معاملات کی منظوری دی گئی۔