عطاالحق قاسمی کی تقرری میں میرا کوئی کردار نہیں، اسحاق ڈار کی وضاحت

Jul 15, 2018

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما اسحق ڈار نے سابق چیئرمین پی ٹی وی عطاالحق قاسمی سے اپنے تعلق کی تردید کردی۔ انہوں نے عدالت عظمی کو بذریعہ ای میل مطلع کیا کہ ان کا سابق چیئرمین پی ٹی وی کی تقرری سے کوئی تعلق نہیں۔ واضح رہے کہ 9 جولائی کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے چیئرمین پی ٹی وی کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت میں سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کو 12 جولائی تک عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا تھا۔ اسحق ڈار نے اپنی ای میل میں واضح کیا کہ سابق پی ٹی وی چیئرمین عطاالحق قاسمی کیلئے 18 لاکھ روپے تنخواہ مقرر کرنے میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔ ساتھ ہی انہوں مطالبہ کیا کہ عطا الحق قاسمی کیلئے لاکھوں روپے تنخواہ مقرر کرنے والوں سے جواب طلب کیا جائے۔ سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو ارسال کی گئی ای میل میں موقف اختیار کیا گیا کہ بیماری کے باعث سپریم کورٹ میں پیش ہونے سے قاصر ہوں۔
اسحاق ڈار/تردید

مزیدخبریں