کراچی (صباح نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان نے اپنا انتخابی منشور پیش کردیا جس میں 20 صوبوں کیلئے قانون سازی اور جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران پارٹی منشور پیش کیا۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ قانون سازی کرکے 20 صوبے بنانے کی کوشش کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرسودہ جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ کریں گے، سندھ میں معذور بلدیاتی نظام دیا گیا، جاگیردارانہ نظام جمہوریت کی ضد ہے۔عام انتخابات 2018کے لیے پیش کئے گئے ایم کیو ایم پاکستان کے منشور میں نئے صوبوں کا قیام، بلدیاتی حکومتوں کا مربوط نظام، کوٹہ سسٹم کا خاتمہ، تعلیم، صحت اور امن وا مان کی بہتر صورتحال کا ذکر کیا گیا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کوٹہ سسٹم قابلیت کا قتل تھا، نئے صوبے بنائیں گے، فاٹا کے انضمام کیلئے عوامی امنگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹ دیا۔یہ وہ نکات جن کو لے کر متحدہ قومی موومنٹ عام انتخابات میں عوام سے ووٹ مانگے گی۔