اسلام آباد ( خبر نگار)خیبر پی کے نگران حکومت نے 15سال سے کم عمر بچوں کے دانتوں میں مرکری (پارہ) کی بھرائی پر صوبے بھر میں فوری پابندی عائد کر دی ہے جس کا مقصد کم عمر بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے۔تفصیلات کے مطابق نظامت محکمہ صحت، کے پی کے کی طرف سے اعلامیہ نمبری (2405-70) کے ذریعے اس پابندی کا اطلاق کیا گیا ہے۔ اس امر کا اظہار ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ایوب روز نے ضلعی صحت افسران ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ڈینٹل کالجز کے ڈینز کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ۔ انہوں نے شدید تحفظات کا مزید اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کے تمام اضلاع میں کام کرنے والے دندان ساز فوراً اپنے کارکنوں کو سختی سے ہدایت کریں کہ 15سال سے کم عمر بچوں کے دا نتوں میں پارہ کی بھرائی سے اجتناب کریں ۔ اس کا مقصد کم عمر بچوں کو کم سنی میں اس سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کی جامع تحقیق اور مستند اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا گیا جس میں مرکری (پارہ) کے استعمال سے ممانعت کے حوالے سے کنونشن پرپاکستان سمیت 28 1سے زائد ممالک کے دستخط شدہ ہیں۔
خیبر پی کے: 15سال سے کم عمر بچوں کے دانتوں میں پارہ بھرائی پر پابندی
Jul 15, 2018