لاہور، مریدکے (سپیشل رپورٹر+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی اپیل پر لاہور سمیت ملک بھر میں مستونگ، پشاور اور بنوںمیں دھماکوں کے دوران شہید ہونیو الوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء کی طرف سے دہشت گردی کی وارداتوں کیخلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔ غائبانہ نماز جنازہ کے اجتماعات میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، طلبائ، وکلائ، تاجروں اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقررین کی جانب سے دھماکوں میں شہادتوں کے تذکرہ پر ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔ بعض شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ جوہر ٹائون میں جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔ اسی طرح اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، کراچی، حیدر آباد، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی، چکوال، سیالکوٹ ، ساہیوال، شیخوپورہ اور دیگر شہروں میں بھی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں اور بعض دیگر قوتیں منظم منصوبہ بندی کے تحت انتخابات سے قبل ملک میں دھماکے اور دہشت گردی کی وارداتیں کروا رہی ہیں۔ افغانستان میں دہشت گردوں کو ٹریننگ دیکر پاکستان داخل کیا جارہا ہے جو یہاں تخریب کاری ودہشت گردی میں ملوث ہیں۔ سانحہ پشاور، مستونگ اور بنوں میں ملوث انسان نہیں درندے ہیں۔ دہشت گردوں کیخلاف اقدامات وقتی نہیں مستقل بنیادوں پر ہونے چاہئیں تاکہ دہشت گردی کے عفریت سے جان چھڑائی جاسکے۔ غیرملکی قوتوں کی مٹھی بھر دہشت گردوں کے ذریعہ پاکستانی قوم کو یرغمال بنانے کی کوششیں انشاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔ اسلام آباد میں جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام آئی ایٹ مرکز میں مستونگ، پشاور اور بنوں کے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ دریں اثنا مریدکے میں مسلم لیگ کے حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار حلقہ پی پی 136محمد شفیق خان کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہا کہ الیکشن 2018ء کے عام انتخابات میں جھوٹے سیاستدان گھر گھر جا کرووٹ خریدتے ہیں اور منتخب ہو کر اسمبلی میںبیٹھ کر اپنا ووٹ کروڑوں میں بیچتے ہیںاور امریکہ یہی ووٹ ڈالروں میں خریدتا ہے،پاکستان لاالہ اللہ کے نام پر بنا ہے جن لوگوں نے سیاست کو کاروبار بنا رکھا ہے ہمیں ان کا راستہ روکنا ہے۔
لاہور سمیت ملک بھر میں مستونگ، پشاور ، بنوں دھماکوں کے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ
Jul 15, 2018