اسلام آباد‘ جدہ(خصوصی نمائندہ+امیر محمدخان) قومی ایئر لائن ’’پی آئی اے‘‘ نے باقاعدہ حج آپریشن کا آغازکردیا ہے، گزشتہ روز پہلی پرواز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے پی کے 7001 ،300 سے زائد عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوئی ہے جبکہ پی آئی اے کی دوسری حج پرواز پی کے7003 اسلام آباد سے 327 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ کیلئے روانہ کیا گیا۔ پروازسے قبل عازمین حج کو مناسک حج اور سعودی قوانین سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں جدہ سے امیر محمد خان کے مطابق پاکستان سے عازمین حج سعودی عرب پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ ہفتہ کو 186 حجاج کرام کو لیکردوسری حج فلائٹ پی کے 741 اسلام آباد سے جدہ کے کنگ عبدالعزیز ائرپورٹ پہنچ گئی۔ جدہ ائرپورٹ پر پاکستان قونصلیٹ کے افسران نے استقبال کیا۔ ڈائریکٹر حج محمدامتیاز، منسٹر کوآرڈینیشن جاوید رفیق ، قونصل فوزیہ وسیم، ، قونصل عاطف ڈار نے حجاج کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر سعودی ڈپٹی حج عبداللہ الفتاح ، چیئرمین موئسسہ ڈاکٹر رافع بدر، چیئرمین مکتب الوکلاء ڈاکٹر فاروق بخاری، ڈی جی حج عمرہ مروان سلیمانی اور دیگر سعودی حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر حجاج کرام کوسعودی حکام کی جانب سے آب زمزم اور کھجوریں اور جائے نماز پیش کی گئی جبکہ مدینہ المنورہ مین پاکستانی حجاج کو لیکر پہلی حج پرواز 171 پاکستانی عازمین حج کو لیکر مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر پہنچ گئی۔