انگلینڈ عالمی چیمپئن بن گیا، سنسی خیز مقابلے میں نیوزی لینڈ کو شکست

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں نیوزی لینڈ کو شکست دیکر انگلینڈ پہلی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔سپر اوور میں انگلینڈ کی جانب سے اسٹوکس اور بٹلر کھیلنے آئے جنہوں نے 16 رنز کا ہدف دیا تھا، نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی سپر اوور کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہوئے اور یوں میچ برابر ہوگیا تاہم میچ بائونڈریز کی بنیاد پر انگلش ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا۔ بین اسٹوکس کو شاندارآل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار پائے جب کہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔کیوی ٹیم کے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 241 رنز بناسکی۔انگلش ٹیم کوآخری اوور میں 15 رنز درکار تھے تاہم کیوی بولر ٹرینٹ بولٹ نے ابتدائی دو گیندوں پر کوئی رن نہیں بننے دیا۔جس کے بعد انگلش بلے باز اسٹوکس نے اگلی گیند پر شاندار چکھا لگا کر اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لائے، چوتھی گیند پر 2 رنز لیتے ہوئے اوور تھرو کی وجہ سے انگلش ٹیم کو 6 رنز مل گئے اور نیوزی لینڈ شائقین کی امیدیں دم توڑتی دکھائی دیں تاہم پانچویں گیند پر 2 رنز لینے کی کوشش میں عادل رشید رن آؤٹ ہوئے۔میچ کی آخری گیند پر انگلینڈ کا آخری کھلاڑی دوسرا رن بنانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگیا اور یوں میچ برابر ہوگیا۔قبل ازیں لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے فائنل میچ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔مارٹن گپٹل اور ہنری نکولس نے انگلینڈ کے خلاف اننگز کا آغاز کیا لیکن گپٹل ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 19 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔گپٹل کے آؤٹ ہونے کے بعد نکولس اور ولیمسن نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم 103 کے مجموعی اسکور پر ولیمسن 30 رنز بناکر پلنکٹ کی گیند پر کیچ ا?ؤٹ ہوئے۔اس کے بعد نکولس نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی تاہم وہ بھی 118 کے مجموعی اسکور پر پلنکٹ کی گیند پر بولڈ ہوئے، انہوں نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ روس ٹیلر بھی 14 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو ئے۔ٹوم لیتھم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت کیوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے نکولس 55 اور لیتھم 47 رنزبناکر نمایاں رہے۔نیوزی لینڈ کے 242 رنز کے ہدف میں انگلش ٹیم کا آغاز مایوس کن تھا اور 28 کے مجموعی اسکور پر جیسن روئے 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔جوئے روٹ 7 رنز بناکر گرینڈ ہوم کا شکار بنے جب کہ بیئراسٹو بھی 36 اور اوئن مورگن 9 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ اسٹوکس اور بٹلر نے شاندار بیٹنگ کی اور نصف سنچریاں بنائی، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 110 رنز کی شراکت انگلش ٹیم کو میچ میں واپس لے ا?ئی تاہم 196 کے مجموعی اسکور پر بٹلر 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد ووکس 2 اور پلنکٹ 10 رنز بناکر ا?ؤٹ ہوئے، اس دوران میچ ڈرامائی صورت اختیار کرگیا اور مقررہ 50 اوورز میں پوری انگلش ٹیم 241 رنز بناسکی اور یوں میچ برابر ہوگیا۔ بین اسٹوکس نے میچ میںآل راؤنڈر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 98 گیندوں پر 84 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جب کہ بٹلر 59 اور بیئراسٹو 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بین اسٹوکس کو شاندارآل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار پائے جب کہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا،ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی۔ لارڈز میں فائنل کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ کپ کا میلہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ فائنل ہارنے والی ٹیم 20 لاکھ ڈالرز کی حقدار بنی ۔

ای پیپر دی نیشن