حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت)انجمن اصلاح معاشرہ کا اجلاس زیر صدارت چیئرمین چودھری امتیاز احمد تاج منعقد ہوا ۔ اجلاس میں حافظ آباد شہر میں صفائی کی ابتر صورت حال پر تشویش کا اطہار کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے بتایا کہ حافظ آباد شہر میں نکاسی آب کے نالوںکی صفائی نہ ہونے سے گلی محلوں میں گٹر ابلنے لگے ہیں۔ گذشتہ روز ہونے والی معمولی بارش کے بعد شہر کے اکثرنشیبی علاقہ جات جوہڑ کا منظر پیش کررہے ہیں۔ حافظ آباد شہر میں عرصہ دراز سے نکاسی آب کے نالوں کی صفائی نہیں ہوسکی جس سے گلی محلوں میں آئے روز گٹر ابلنے سے پانی کھڑا ہونے لگا ہے جبکہ شہر کے اکثر علاقہ جات خاکروبوں اور سینٹری ورکرز سے بدستور محروم چلے آرہے ہیں۔ جس سے معمولی بارش کے بعد شہر کے نشیبی علاقہ جات اور سینٹری ورکرز سے محروم اختر ٹائون، مدینہ کالونی، ریحان کالونی، میاں داکوٹ، حسن ٹائون، محلہ پیر کالے شاہ، پارک روڈ، تاج کالونی، مغل پورہ، قلعہ صاحب سنگھ، قدیر پورہ سمیت دیگر علاقے جوہڑ بن جاتے ہیں اور وہاںپر کئی کئی روز تک گندا پانی جمع رہتا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کا گھروں سے باہر نکلنا بھی محال ہوجاتا ہے۔