قومی کرکٹرز کی آج سے ڈربی شائر میں ٹریننگ، انگلینڈ کو کمزور نہیں سمجھیں گے: شان مسعود

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ کیخلاف سیریز کی تیاریوں کیلئے قومی شاہینوں نے ڈربی شائر میں ڈیرے جما لیے، ٹیم نے گزشتہ روز آرام کیا جبکہ آج سے تین، تین گھنٹوں پر مشتمل 2 ٹریننگ سیشنز میں شرکت کرے گی۔یہ سیشنز برطانوی وقت کے مطابق صبح 10 اور سہ پہر 2 بجے شروع ہوں گے۔ کل بھی پاکستان ٹیم تین، تین گھنٹوں پر مشتمل 2 ٹریننگ سیشنز میں شرکت کریگی۔ یہ سیشنز برطانوی وقت کے مطابق صبح 10 اور دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے۔کھلاڑی بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ میں فارم دکھائیں گے۔ 17 تاریخ سے 4 روزہ انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز پانچ اگست سے ہو گا۔قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز شان مسعود نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے پاس بہترین باوَلر ز ہیں، جوفراآرچر ورلڈکلاس بائولر ہے، مثبت حکمت عملی کے ساتھ بیٹنگ کرنا ہوگی۔ اگر بری گیند پر سکور نہیں ہوگا تو باوَلر حاوی ہوجاتا ہے۔ نئی گیند کو سی آف کرنا ضروری ہے۔ پلیئرز جیسے غلطیاں کرتے ہیں اس طرح امپائر بھی کرسکتے ہیں۔ایک ریویو سے ٹیموں کو فائدہ ہوگا۔ انگلینڈ کی خامیوں پرنظررکھے ہوئے ہیں۔ انگلینڈ کی ایک ہار سے انہیں کمزور نہیں سمجھنا چاہیے۔ جنوبی افریقہ میں انگلینڈ کا یہی سکواڈ سیریز جیت کرآیا ہے۔ ہمارے پاس بہتر سپنرز موجود ہیں۔ یاسر شاہ اور شاداب خان اچھے سپنر ہیں۔ انٹرسکواڈ میچز سے فائدہ ہورہا ہے۔ہمارا فیز ٹو اب شروع ہوچکا ہے، حریف ٹیم انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز کیلئے اب ہم ڈربی میں ٹریننگ کریں گے۔ ویڈیو کانفرنس میں شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہوٹل، گراونڈ دونوں قریب اور بائیو سیکور ماحول میں ہیں، ہمیشہ اچھے اور برے وقت میں سوچ بلند رکھنی چاہیے، میری کوشش یہی رہتی ہے کہ غلطیوں سے سیکھوں۔ یونس خان کے آنے سے کیمپ میں بہت فرق پڑا ہے، وہ بیٹسمینوں کیساتھ ہی نہیں بلکہ بائولرز کی بیٹنگ پر بھی کام کر رہے ہیں۔ ووسٹر میں اچھا قیام رہا، ان حالات میں شاندار سہولیات ملیں، تین ماہ لاک ڈاون کے بعد یہاںآنا، کھیلنا اور ٹریننگ کرنا اچھا رہا۔ ڈربی میں بھی بائیو سیکور ماحول ہے، یہاں بھی اچھا آغاز ہوا ہے، بحیثیت اوپنر ٹیم کو اچھا سٹارٹ دینا ٹارگٹ ہے۔ ویسٹ انڈیز انگلینڈ سیریز دیکھنے کا فائدہ ہو رہا ہے ابھی ہمارے پاس ٹائم ہے، انگلینڈ کے پاس ریزرو میں بھی بہت سے کھلاڑی ہیں جنہیں ابھی موقع نہیں ملا ہے۔ پاکستان ٹیم فٹنس میں بہت اچھی ہے اور سکلز ورک میں بہتری آرہی ہے،انگلینڈ کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ یونس خان پاکستان کے عظیم بیٹسمینوں میں سے ہیں ،جبکہ مصباح الحق اور یونس خان سے کھلاڑی بہت فائدہ اٹھانے کے کوشش کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن