لٹیروں کو کٹہرے میں لانا ضروری، مجرم بے نقاب ہونگے، احتساب کے بغیر شفاف سیاسی قیادت ناممکن: شاہ محمود

Jul 15, 2020

اسلام آباد(صباح نیوز + این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شوگر کمیشن رپورٹ کی روشنی میں کارروائی ضرور ہوگی، جس نے لوگوں کو لوٹا اسے کٹہرے میں لانا ضروری ہے، وقت آ گیا ہے کہ ہم ایک دوسرے پر تہمتیں لگانی بند کر دیں اور حقائق سامنے لائیں، کرونا علامات ظاہر ہوئیں تو میں نے تمام اہم میٹنگز منسوخ کر دیں، میری تیمارداری کرنے والا بیٹا بھی کرونا سے متاثر ہوا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوروناوائرس سے صحتیاب ہونے کے بعد اب میری طبیعت بہت بہتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مرض ہی ایسا ہے کہ اس سے صحتیاب ہونے کے بعد بھی اثر رہتا ہے۔ میں سب کرم فرمائوں کو شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوںنے دعائوں اور خیر سگالی کے بے پناہ پیغامات بھیجے، میں ان کا بے حد مشکور ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ کرونا علامات ظاہر ہوئیں تو میں نے تمام اہم میٹنگز منسوخ کر دیں۔ بخار اور جسم میں درد کی وجہ سے کرونا ٹیسٹ کیا تھا، ٹیسٹ مثبت آنے پر فوری ڈاکٹرز سے مشورہ کیا اور علاج شروع کیا۔یہ مرض کسی کو بھی ہو سکتا ہے اور اس میں گھبرانے یا شرمانے کی ضرورت نہیں ہے، فی الفور ڈاکٹرز سے مشورہ کرنا چاہیئے اور جو اس کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہیئے۔ ڈاکٹرز نے پلازمہ تھراپی کے ذریعے میرا کرونا وائرس کا علاج کیا،میں 9دن تک اسپتال میں زیر علاج رہا،میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو سلام پیش کرتا ہوں جو لوگوں کی خدمت کررہے ہیں، جو عزت اور محبت ملٹری ہسپتال راولپنڈی میں مجھے ملی وہ دنیا میں کہیں نہیں مل سکتی تھی،میری تیمارداری کرنے والا بیٹا بھی کرونا سے متاثر ہوا ہے تاہم باقی سب گھر والے محفوظ ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ شوگر کمیشن رپورٹ کی روشنی میں کارروائی ہو گی اور کاروائی ہونی چاہیئے ۔ وقت آ گیا ہے کہ ہم ایک دوسرے پر تہمتیں لگانی بند کر دیں اور حقائق سامنے لائیں، جو ذمہ دار ہے وہ اپنی صفائی پیش کرے اور اگر وہ مناسب صفائی پیش کرتا ہے تو اس پر انگلیاں اٹھانی بند ہو جانی چاہیں اور جو اس ناجائز حرکت میں مبتلا ہے اور جس نے لوگوں کو لوٹاہے یا متاثر کیا ہے تو اس کو کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔ جب تک ہم اس ملک میں احتساب کے عمل کو آگے نہیں بڑھائیں گے شفاف سیاست کی بنیاد ملک میں نہیں رکھی جاسکتی۔ ہمارے ہاں وچ ہنٹنگ ہوئی ہے اور ہم بے جا کیچڑ اچھالتے رہے ہیں تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ بے جا کیچڑ اچھالنا بند کیا جائے اور جو اصلی مجرم ہیں وہ بے نقاب ہوں۔

مزیدخبریں