ملتان ( سماجی رپورٹر ) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماؤں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر,مولانا انوار الحق اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے قومی نصاب کی تشکیل اور تیاری کے حوالے سے سامنے آنے والی تجاویز پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگریزی کو بطور مضمون تو ضرور نصاب کا حصہ بنایا جائے لیکن انگریزی کو ذریعہ تعلیم بنانا غلامانہ ذہنیت کی عکاسی کرتاہے-انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ابتداء تعلیم اپنی قومی زبان میں ہوتی ہے اس لیے ہمارے ہاں بھی سرکاری زبان یعنی اردو کو ذریعہ تعلیم بنایا جائے نصاب سازی کے حوالے سے ہونے والی پہلی میٹنگ میں ہی اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ ذریعہ تعلیم اردو زبان ہوگی لیکن اب اس اتفاق رائے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے-انہوں نے کہا انگریزی کو ذریعہ تعلیم بنانابچوں پر دوہرا بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ نصاب سازی کی اہم ترین ذمہ داری نبھانے والے افراد پورے ملک کی صورت حال کو بھی سامنے رکھیں اور ایسا فیصلہ کریں جو ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کے لیے قابل عمل ہو۔
انگریزی کو ذریعہ تعلیم بنانا غلامانہ ذہنیت‘ تجویز مسترد کرتے ہیں: وفاق المدارس
Jul 15, 2020