لاہور (خصوصی نامہ نگار) دہشت گردی میں وہ قوتیں ملوث ہیں جو نہیں چاہتیں کہ پاکستان ترقی کرے۔ آج ملک دشمن عناصر پھر سے سرگرم ہو گئے ہیں۔ کراچی سٹاک ایکسچینج پر حملہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ان کا فوری قلع قمع کرنا بہت ضروری ہے۔ شدت پسند گروہوں کی کارروائیوں کو بھی روکنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے قصور میں سیدۂ کائنات کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیدۂ کائنات سلام اللہ علیہا‘ سیدنا ابوبکر صدیق اور دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی عزت و ناموس اور شان و عظمت کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ گستاخان اہل بیت و صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کیخلاف حکومت کو خود موثر کارروائی کرنا ہو گی تاکہ آئندہ کسی کو اس طرح کی مکروہ حرکت کرنے کی جرأت نہ سکے۔ انہوں نے کانفرنس کے شرکاء پر زور دیا کہ ایسے گستاخان کی مذموم حرکات کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے سے ہی کامیابی حاصل ہو گی۔ دہائیوں کے بعد وطن عزیز میں امن و سکون قائم ہوا ہے جس کو تباہ کرنے کیلئے شرپسند عناصر پھر سے سرگرم ہو گئے ہیں، ہم پاک افواج سمیت تمام سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ہمارے لئے امن لانے کیلئے کوشاں ہیں۔ قوم سکیورٹی اداروں کیساتھ کھڑی ہے۔ سجادہ نشین دائم الحضوری پیر سید علی حیدر شاہ بخاری نے کہا کہ ہم سیدۂ کائنات کی شان و عظمت میں کسی طرح کی گستاخی برداشت نہیں کرینگے‘ پیر سید عمران شاہ ولی نے کہا کہ ہم خلیفہ اول صدیق اکبر رضی اللہ عنہ اور دیگر صحابہ کرام کی عزت و ناموس پر بھی ہم کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرینگے، ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں وہ ایسے شرپسند اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کیساتھ سختی کیساتھ پیش آئے اور انہیں کیفرکردار تک پہنچائے۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں مشائخ عظام نے کانفرنس میں شرکت کی جن میں پیر سید اصغر علی گیلانی المعروف چن پیر سرکار‘ پیر سید عرفان شاہ مشہدی‘ صاحبزادہ دیوان احمد مسعود چشتی‘ مولانا سعید احمد اسد‘ پیر سید منور حسین شاہ بخاری‘ مزمل حسین جماعتی‘ پیر سید علی حیدر حسین شاہ جماعتی‘ پیر سید زین العابدین‘ پیر محمد حبیب عرفانی‘ پیر ضیاء محی الدین گیلانی‘ خواجہ غلام قطب الدین فریدی‘ قاری افضال انجم‘ صاحبزادہ غلام رسول عرفانی و دیگر شامل تھے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض معروف اینکر پرسن تسلیم احمد صابری نے انجام دئیے۔ کانفرنس کے منتظمین کی جانب سے کرونا وائرس کے پیش نظر حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا گیا، سینی ٹائزر گیٹ نصب کئے گئے، ہاتھ دھونے کیلئے خصوصی انتظامات تھے جبکہ سماجی فاصلے کو بھی برقرار رکھا گیا۔