ملتان (سپیشل رپورٹر)پولیس تھانہ کینٹ نے حساس اداروں کے خلاف بیان بازی کے الزام میں سینئر سیاستدان و مسلم لیگ ن کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی کے خلاف مقدمہ کے حوالے سے پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ میں سینئر سیاستدان و مسلم لیگ ن کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی کے خلاف ریاستی اداروں پر تنقید پر مقدمہ نمبر 647/20 درج کیا گیا ہے۔ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف آئی آر کو سیل کر دیا گیا جس پر فی الحال کو ئی کاروائی نہ کی جائے گی۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں نے فوج کے خلاف کوئی بات نہیں کی ، بتایا جائے کہ پانچ بار ملکی آئین کس نے توڑا ہے ؟ آئین توڑنے والوں کے خلاف بات کرتا رہوں گا۔ مجھے جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں - جیلوں سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔اپنی ضمانت بھی نہیں کراونگا۔ جیل میں مر جاؤنگا لیکن حق اور سچ کا پرچم بلند رکھونگا۔میں نے تو اپنے عزیز و اقارب کو بھی کہہ دیا ہے کہ اگر میری گرفتاری ھو جائے تو میری ضمانت کی درخواست جمع نہ کرانا۔ نظام کو ٹھیک کرنے کے لیے آخر کسی کو تو حتمی قربانی دینا ہوگی چلو میں ہی سہی۔، مجھ پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالا جا سکتا۔جاوید ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ مجھے جیلوں میں ڈال دیں ، ضمانت بھی نہیں کرواؤں گا۔ میں نے اداروں کو نہیں لوٹا ، قوم سے جھوٹ نہیں بولا۔ میں نے ہمیشہ حق سچ کے لئے آواز اٹھائی۔ فوج میری اپنی ہے ، میں فوج کا احترام کرتا ہوں گا۔ مجھے مقدمات سے نہیں ڈرایا جا سکتا ، مقدمات کروا کر جیل ڈالیں گے تو اور مزہ آئے گا۔ جیل میں رہ کر کتابیں لکھوں گا ، بولوں گا۔ جمہوریت کے لئے جنگ لڑتا رہوں گا۔
جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں‘ ضمانت بھی نہیں کراونگا:جاوید ہاشمی
Jul 15, 2020