اسلام آباد(رپورٹ:فیصل عرفان ) افسانہ نگار،خاکہ نگار،سینیئرصحافی اور سابق ڈائریکٹر پی آر آئیسکوامیر حسین چمن گذشتہ رات کراچی میں حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کر گئے ۔امیر حسین چمن 4جولائی 1947کودہلی میں پیدا ہوئے ،قیام پاکستان کے بعد انکا خاندان پاکستان منتقل ہوگیا ،صحافتی کیریئر کا آغاز 1970کی دہائی میں آغا شورش کاشمیری کی زیر ادارت شائع ہونیوالے ہفت روزہ’’چٹان ‘‘سے کیا،اس دوران انہوں نے ملک کی معروف سیاسی ،سماجی اور فلمی دنیا کی شخصیات کے انٹرویوز کیے جو ہفت روزہ ’’چٹان‘‘میں شائع ہوتے رہے ،بعد ازاں وہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے شعبہ تعلقات عامہ سے منسلک ہوکر اسلام آباد منتقل ہوگئے اور یہاں کئی دہائیوں تک اپنی خدمات سرانجام دیتے رہے ،انکی مطبوعہ کتابوں میں ’’منبر کا دوسرا نام (1975ئ)،میری یادگار ملاقاتیں(2000)،نیا ایڈیٹر(2002)اور صحرا کی اذان 2006شامل ہیں،آئیسکو سے ریٹائر منٹ کے بعد وہ دوبارہ کراچی منتقل ہوگئے تھے ،دریں اثناء جڑواں شہروں کے ادبی و صحافتی حلقوں سمیت چیف ایگزیکٹو آئیسکو شاہد اقبال چوہدری نے امیر حسین چمن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ایصال ثواب اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔