پاکستان آرمینیاکی طرف سے آذربائیجان کے قصبے پرحملے کی مذمت کرتا ہے،ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان نے آذربائیجان کے ضلع تووز میں آرمینیا کی فوج کی طرف سے حملے کی سخت مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں آذربائیجان کے متعدد شہری ہلاک ہوئے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ نگورنوکاراباخ تنازعے کے بارے میں پاکستان کا موقف اصولوں پر مبنی ہے اور ہم جمہوریہ آذربائیجان کی خود مختاری اور علاقائی یکجہتی کیلئے پاکستان کی حمایت کااعادہ کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ نگورنوکاراباخ کا حل طلب تنازعہ علاقائی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے جس کے دورس نتائج مرتب ہوں گے۔ترجمان نے کہاکہ آرمینیا کی حالیہ اشتعال انگیز کارروائی عالمی برادری کوگمراہ کرنے اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق نگورنوکاراباخ کے تنازعہ کے پرامن حل کیلئے جاری مذاکرات کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا مظہر ہے۔

ای پیپر دی نیشن