لاہور(سپیشل رپورٹر)ایپکا کے مرکزی صدرحاجی محمد ارشاد چوہدری کی قیادت میں ملک بھرکے سرکاری ملازمین نے مطالبات پورے نہ ہونے پرپارلیمنٹ ہاﺅس کے گھیراﺅ اور بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کی دھمکی دے دی ہے ۔ لاہور میں 22جولائی کو سول سیکرٹریٹ کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ , دوسرے مرحلہ میں پنجاب اسمبلی جبکہ تیسرے مرحلے میں پارلیمنٹ ہاﺅس کا گھیراﺅ کرکے بھو ک ہڑتالی کیمپ لگانے کا اعلان کردیا ہے ۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں سرکاری دفاتر کا مکمل طورپر بائیکاٹ کیا جس میں لاہور میں ایپکا کے مرکزی صدرحاجی محمدارشاد چوہدری کی قیادت میں ملازمین نے ایم اے او کالج روڈ پر لوکل گورنمنٹ کے دفتر کے سامنے شدید گرمی میں زبردست احتجاج کیا ۔ محکمہ ہیلتھ کے دفترواقع کوپر روڈ پر ایپکا کے مرکزی رہنما محمد یونس بھٹی کی قیات میں سرکاری ملازمین نے پنجاب اسمبلی کے قریب کوپر روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ محکمہ ایکسائزاسی طرح محکمہ تعلیم ،محکمہ زراعت ،اینٹی کرپشن پنجاب فرید کوٹ ہاؤس ،محکمہ ماحولیات پنجاب ،محکمہ صحت ،محکمہ کچی آبادی،محکمہ لیبر،محکمہ سوشل سیکورٹی سمیت تمام سرکاری محکموں کے ملازمین نے دفاتر میں مکمل طورپر ہڑتال کی اورسرکاری دفاتر کا مکمل طورپر بائیکاٹ کیا ۔ سرکاری ملازمین نے اپنے اپنے دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے اورشدید گرمی میں ملازمین احتجاج کرتے رہے ،کئی ملازم شدید گرمی کی وجہ سے بیہوش بھی ہوۓ جس کے باعث سرکاری دفاتر میں مکمل طورپر ہڑتال رہی اور’’ہو‘‘ کا عالم رہا ۔
ملک بھرکے سرکاری ملازمین نے مطالبات پورے نہ ہونے پرپارلیمنٹ ہاﺅس کے گھیراﺅ اور بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کی دھمکی دے دی
Jul 15, 2020 | 19:16