ملکی ترقی اور معاشی نمو میں نمائشوں کا اہم کردارہے‘  سلیم خان تنولی

Jul 15, 2021

کراچی (کامرس ڈیسک)سلیم خان تنولی سی ای او فیکٹ (FAKT) ایگزیبیشنز پرائیویٹ لمیٹڈ، بورڈ آف ڈائریکٹر یو ایف آئی، گلوبل ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایکسپو سینٹر کراچی اور لاہور کو خالی کرایا جائے، ان سینٹرز میں قائم قرنطینہ اور ویکسی نیشن سینٹرز کو دیگر سرکاری مقامات، تنصیبات میں منتقل کیا جائے تاکہ یہاں بین الاقوامی نمائشوں کا اہتمام کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ کووڈ ایک گلوبل مسئلہ ہے، مگر ہم ملکی معیشت کو بھی نظرانداز نہیں کرسکتے، انہوں نے کہاکہ حکومت کے زیر انتظام متعدد ایسی تنصیبات موجود ہیں، جہاں پر قرنطینہ اور ویکسی نیشن سینٹرز منتقل کیے جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایکسپو سینٹر کی انتظامیہ سے بھی اس سلسلے میں بات کی ہے،حکومت اور منسٹری آف کامرس کو بھی خط لکھا ہے، لیکن صورتحال افسوسناک ہے کہ دو برس ہونے کو ہیں ان ایکسپو سینٹرز میں کوئی نمائش منعقد نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے ایک طرف تو ہزاروں لوگ بے روزگار ہوئے ہیں تو دوسری طرف ملکی صنعت میں جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کی کمی کے باعث صنعتی پیداوار متاثر ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد جدید ٹیکنالوجی اور مشینری کو ملک میں متعارف کرانا ہے،اگر یہ سلسلہ یونہی رکا رہا تو ملکی معیشت جمود کا شکار ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی ملک کی ترقی اور معاشی نمو میں نمائشیں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے یورپ، چین اور متحدہ عرب امارات کی مثالیں دیتے ہوئے کہاکہ وہاں کورونا وبا کے دوران ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے نمائشوں کا انعقاد شروع کردیا گیا ہے، لہذا پاکستان میں بھی ایسی نمائشوں کا انعقاد ہونا چاہئے، حکومت کو چاہیئے کہ وہ ان ایکسپو سینٹرز کو خالی کرواکے نمائشوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سہولتیں فراہم کرے۔ 

مزیدخبریں