اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لئے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنر (نیوی) کے مطابق پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس گذشتہ روز یہاں اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کی۔ کانفرنس میں خطے کی جیو سٹریٹیجک صورتحال، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری، جوانوں کی تربیت اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ امیر البحر کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔ فورم کے شرکائے افغانستان سے امریکی انخلاء کے بعد خطے کی ابھرتی ہوئی میری ٹائم سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کی عوام کے حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ امیر البحر نے کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لئے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔