لاہور (نامہ نگار) مصری شاہ کے علاقے میں دو سالہ بچہ گھر کی بالکونی سے نیچے گلی میں گرنے سے جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ کمسن بیٹے کی ہلاکت پر ماں صدمے سے بے ہوش ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مصری شاہ کے علاقے چاہ میراں حضوری شاہ دربار کے قریب رہائش پذیر دو سالہ طیب گھر میں بیڈ پر سو رہا تھا کہ اس کی ماں اسے اکیلا سوتا ہواچھوڑ کر دروازہ بند کر کے دوسرے بچوں کو سکول سے لینے چلی گئی۔ اس دوران بچہ بھی اٹھ گیا اور وہ کمرے سے ملحقہ گلی کی جانب بنی بالکونی پرچڑھ کر اپنی ماں کی راہ تکنے لگا،کہ اچانک اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ بالکونی سے نیچے گلی میں جا گرا اور شدید زخمی ہو گیا۔ بچے طیب کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لئے ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔