شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) قومی ہاکی ٹیم کے سابق کوچ اولمپین نوید عالم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائے مغفرت ان کی اقامت گاہ پر ادا کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ چودھری محمد جمیل نے اولمپین نوید عالم کی اقامت گاہ پر جا کر ان کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے مرحوم کے بھائی مبشر احمد چودھری کے ہمراہ نوید عالم کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی‘ اولمپین نوید عالم کے بھائی اور تحریک انصاف کے رہنما مبشر احمد چودھری نے ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قومی ہیرو لیجنڈ نوید عالم کی دوران علاج اچانک موت کی تحقیقات اپنی نگرانی میں کروا کر اصل حقائق قوم کے سامنے لائیں۔ نوید عالم مضبوط اعصاب کا مالک اور دلیر انسان تھا۔ جس نے بلڈ کینسر کی تشخیص کے بعد خود شوکت خانم ہسپتال جا کر میڈیکل چیک اپ کروایا کیمو تھراپی کے دوران انکی جب طبیعت بگڑی تو ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز نے ان کا چیک اپ کی بجائے جونیئر ڈاکٹرزکو مامورکر دیا۔ جس پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نوید عالم مرحوم کے صاحبزادے حذیفہ نوید، حسان نوید، سابق سٹی ناظم ملک حبیب سلطان کھوکھر ودیگر بھی موجود تھے۔