حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) ضلع بھر میں معصوم بچوں کے ساتھ ہونے والے درندگی و قتل کے واقعات انتہائی قابل مزمت، افسوسناک اور ناقابل برداشت ہیں۔ایسا کرنے والے افراد انسان نہیں بلکہ درندے ہیں جنہیں فوری طور پر سرعام سزا دلوانے کے لئے قانون سازی کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری محمد بخش تارڑ ضلعی چیئرمین انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک بھر میں اور خصوصا ضلع حافظ آباد میں اس طرح کے لرزا خیز واقعات میں اضافہ انتہائی افسوس ناک اور ناقابل برداشت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ فوری طور پر قانون سازی کی جائے کہ ایسی درندگی کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں سرعام پھانسی پر لٹکایا جا سکے اور ایسے افراد کو نشان عبرت بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ معصوم ثمن فاطمہ کے ساتھ درندگی کرنے والے کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔