گوجرانوالہ( نمائندہ خصوصی) صو بائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے کہا ہے کہ تمام قومی ادارے شفاف ‘ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کے پابند ہیں اور ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کی طرح پی پی 38 -سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن کو بھی مکمل شفاف بنایا جائے گا - انہوںنے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر سکند ر سلطان راجہ کی خصوصی ہدایت پر 28 جو لائی کے ضمنی انتخاب کو ہر لحاظ سے مثالی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ ‘ پولیس ‘ رینجرز دیگرمتعلقہ اور الیکشن کمیشن کی تیاریاں مکمل ہیں اور کسی بھی سیاسی جماعت‘ امیدوار اور ان کے سپورٹرز کو انتخابی عمل کومتاثر کرنے اوراس پر اثر انداز نہیں ہونے د یاجائے گا- انہوںنے ان خیالات کا ا ظہار کمشنر آفس میںاجلاس کے دوران کیا- کمشنر ذوالفقار احمد گھمن‘‘ آر پی او رائو عبدالکریم‘ ڈی سی سیالکوٹ طاہر فاروق‘ ڈی پی او سیالکوٹ عبدالغفار قیصرانی‘ ایڈیشنل کمشنرکوارڈ افضال قمر وڑائچ‘ ریجنل الیکشن کمشنر ماجد شریف ڈوگر و دیگر افسروں نے شر کت کی- کمشنر ذوالفقار احمد گھمن اور آر پی او رائو عبدالکریم نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور انتخابی عمل میں گڑ بڑ کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا- انہو ںنے بتایاکہ پولیس کے ساتھ رینجرز بھی پولنگ اسٹیشن پر تعینات ہو گی جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنوں کی لائیو مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے-